Live Updates

شہریوں کو عید الاضحی کیلئے خریدے گئے قربانی کے جانوروں کو تازہ سبز چارہ مہیاکرنے کامشورہ

اتوار 1 جون 2025 17:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) محکمہ لائیو سٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ فیصل آباد نے مشورہ دیا ہے کہ عید الاضحی کیلئے خریدے گئے قربانی کے جانوروں کو تازہ سبز چارہ مہیاکریں اورانہیں دانہ یا دیگر اشیا دینے سے گریز کیا جائے کیونکہ وافر مقدار میں دانہ کھلانے کے بعد جب جانور کو پانی مہیاکیاجاتاہے تو اس سے زیادہ تر جانوروں خصوصاً بکروں، چھتروں، دنبوں میں اپھارے کامسئلہ پیداہو جاتاہے جس کا بروقت علاج نہ ہونے سے جانور کی موت بھی واقع ہو سکتی ہے۔

ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر سید ندیم بدرنے کہاکہ جانوروں کو نہلانے سے بھی گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ عوام سنت ابراہیمی کی ادائیگی سے قبل جانور کو کچھ کھانے کو مہیانہ کریں تاکہ قربانی کے دوران مذبحہ کے مراحل آسانی سے طے ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ قربانی کے جانور کا معدہ بھراہونے سے گوشت آلودہ ہو سکتاہے جبکہ اس کیساتھ ساتھ اچھی طرح جسم سے خون بھی نکالنا ضروری ہے جس سے گوشت کا رنگ چمکدار اور گوشت حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق حاصل کیاجاسکتاہے۔

انہوں نے شہریوں کو عید قربان کے حوالے سے جانوروں کی خریداری کے حوالے سے تاکید کی کہ وہ چیچڑوں سے پاک تندرست و صاف ستھرا جانور خریدیں اور کسی بھی ایمرجنسی کی صورت محکمہ لائیو سٹاک کی مفت ہیلپ لائن 080009211 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات