شہر میں روڈزپر مویشی منڈیاں میئر حیدرآباد اور ٹائون چیئرمین کی چشم پوشی کے باعث قائم ہونے سے عوام کی تکالیف میں اضافہ ہو گیا ہے،ایم کیوایم

اتوار 1 جون 2025 20:45

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جون2025ء)ایم کیو ایم کے حیدرآباد سے ارکان سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ حیدرآباد شہر میں روڈز اور مین چوکوں پر مویشی منڈیاں میئر حیدرآباد اور ٹائون چئیرمین کی چشم پوشی کے باعث قائم ہونے سے عوام الناس کی تکالیف میں بے حد اضافہ ہو گیا ہے، میئر حیدرآباد و ٹان چئیرمنز نے سرکاری سرپرستی میں مویشی منڈیاں قائم کی ہیں لیکن وہاں سہولتوں کی عدم فراہمی اور مہنگی فیسوں و مناسب ترغیب نا ہونے اور مقامی چئیرمین و پولیس کی سرپرستی میں حیدرآباد کے معروف روڈز مین چوکوں پر مویشی منڈیاں قائم ہو گئی ہیں جس کی وجہ سے راستے بلاک ہو جاتے ہیں، مریضوں، خواتین اور بچوں کو گزرنے میں شدید تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ان مویشیوں کو دیکھنے کے لئے جم غفیر بھی جمع ہو جاتا ہے اور ٹریفک بلاک ہونے کی وجہ سے اکثر تلخ کلامی و جھگڑے ہوتے ہیں، ٹان چیئرمین و انکروچمنٹ سیل کا عملہ اپنا حصہ وصول کرنے میں مصروف ہے اور صفائی کا معاملہ بھی الگ ہے، ایک بیان میں ایم کیو ایم کے ارکان سندھ اسمبلی نے مطالبہ کیا کہ روڈز راستوں چوکوں سے مویشی منڈیاں ختم کر کے شہر میں قائم سرکاری مویشی منڈیوں میں ہنگامی طور پر ارزاں قیمتوں پر تمام بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں اور چھوٹے بیوپاریوں کے لئے مناسب فیس اور واش روم، کھانے پینے کے ہوٹل، صاف پانی، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی مہیا کی جائے تاکہ بیوپاری اپنے جانور وہاں لے جائیں اور عوام بھی اپنی خریداری وہاں سے کریں۔