ڈی جی خان پولیس ،کوٹ مبارک کے علاقے میں مقابلہ، 4دہشت گرد ہلاک، اسلحہ برآمد، سرچ آپریشن جاری ہے، ترجمان پنجاب پولیس

پیر 2 جون 2025 00:00

لاہور/ڈیرہ غازی خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) پنجاب پولیس ڈیرہ غازی خان نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے چار دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ڈی جی خان پولیس کا کوٹ مبارک کے علاقے میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں 4دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور اسلحہ برآمد کر لیا گیا جبکہ پولیس کا سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کو پنجاب، خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کوٹ مبارک میں خوارجی دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی اطلاع موصول ہوئی کہ خوارجی دہشت گرد مختلف مقامات پر شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر رہے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیموں نے فوری پیش قدمی کی اور علاقے کا محاصرہ کرکے آپریشن کا آغاز کیا گیا تو خوارجی دہشتگرد بھاری اسلحہ کے ساتھ پولیس ٹیموں پر حملہ آور ہوئے۔

(جاری ہے)

پنجاب پولیس نے بروقت، موثر کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ پولیس کی بھرپور کارروائی میں 4خوارجی دہشت گرد ہلاک کر دئیے گئے، دیگر دہشت گرد جھاڑیوں اور ٹیلوں کی آڑ میں فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ پولیس آپریشن کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ سویپ آپریشن جاری ہے اور پولیس دیگر شرپسند عناصر کو بھی جلد از جلد انجام تک پہنچانے کا عزم رکھتی ہے۔

آر پی او ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی نگرانی اور ڈی پی او سید علی کی قیادت میں پنجاب پولیس کی ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود رہیں۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے چار خوارجی دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر ڈیرہ غازی خان پولیس کو شاباش دی ہے۔ آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس خوارجی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے۔ ملک دشمن عناصر کو کبھی ان کے ناپاک عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔