زرعی یونیورسٹی پشاور میں دو روزہ سیمینار و تربیتی ورکشاپ،طلبہ و فیکلٹی ممبران نے کشیر تعداد میں شرکت کی

پیر 2 جون 2025 11:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) زرعی یونیورسٹی پشاور کے شعبہ میتھس، سٹیٹ اینڈ کمپیوٹر سائنس کے زیر اہتمام دو روزہ سیمینار و تربیتی ورکشاپ کا انعقاد ہوا جس کا مقصد ایم فل و پی ایچ ڈی کے طلبہ اور نوجوان فیکلٹی ممبران کو جدید تحقیقی مہارتوں سے آراستہ کرنا تھا۔چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر ظفر محمود نے بتایا کہ آج کے دور میں ڈیٹا کا صحیح استعمال اور اس کی درست تشریح ہر محقق اور سکالر کے لئے نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ایس پی ایس ایس اور سٹی جیسے سافٹ ویئر ٹولز تحقیق، تجزیے اور فیصلوں میں مدد فراہم کرتے ہیں جو دنیا بھر میں تحقیقی میدان میں وسیع پیمانے پر استعمال ہو رہے ہیں۔ اُ ن کا کہنا تھا کہ اس تربیتی سیشن نے نہ صرف عملی مہارتیں بلکہ تحقیق کے جذبے ، سوالات پوچھنے و سیکھنے کے مواقع اور باہمی علمی تبادلے کو فروغ دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ماہر ٹرینرز اور مہمان اساتذہ کے مشکور ہیں جنہوں نے اس سیمینار میں شرکت کر کے اسے علمی لحاظ سے مؤثر بنایا ،شرکا نے بھی اس موقعے سے بھرپور فائدہ اٹھاکر سیکھنے کے عمل میں پوری دلچسپی لی تاکہ اپنے تحقیقی سفر میں اس تربیت کو سنگِ میل بنا سکیں۔

انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ایمرٹس ڈاکٹر جہان بخت و جامعہ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی اور تعاون سے یہ سیمینار اور تربیتی ورکشاپ ممکن ہوئے۔

متعلقہ عنوان :