Live Updates

بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یا طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا، دفترخارجہ

پاکستان امن اور تعمیری مصروفیات کے لیے پرعزم ہے لیکن کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے یکساں طور پر پرعزم ہیں؛ ترجمان فارن آفس

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 جون 2025 11:35

بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یا طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2025ء ) پاکستان نے بھارتی رہنمائوں اور بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے تازہ ترین بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یا طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا، پاکستان امن اور تعمیری مصروفیات کے لیے پرعزم ہے لیکن وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے یکساں طور پر پرعزم ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان شفقت علی خان کی جانب سے جاری بیان میں بھارتی رہنماؤں کے پاکستان مخالف بیانات اور 29 مئی کو بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان کے ریمارکس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ بھارتی قیادت کے حالیہ ریمارکس بشمول بہار میں دیئے گئے ریمارکس ایک گہری پریشان کن ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں جو امن پر دشمنی کو ترجیح دیتی ہے، پاکستان کو علاقائی عدم استحکام کے منبع کے طور پر پیش کرنے کی کوئی بھی کوشش حقیقت سے ہٹ کر ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کے جارحانہ رویے کے ریکارڈ سے بخوبی واقف ہے جس میں پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں کی دستاویزی حمایت بھی شامل ہے، ان حقائق کو کھوکھلے بیانیے یا متنفر ہتھکنڈوں سے چھپا نہیں سکتا، تنازعہ جموں و کشمیر خطے میں امن و استحکام کو خطرہ بنانے والا بنیادی مسئلہ ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے منصفانہ اور دیرپا حل کی وکالت میں ثابت قدم رہے گا، اس بنیادی مسئلہ کو پس پشت ڈالنا خطے کو مسلسل عدم اعتماد اور ممکنہ تصادم میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

ترجمان فارن آفس کا کہنا ہے کہ حالیہ ہفتوں کی پیش رفت نے ایک بار پھر جہالت اور جبر کو واضح کر دیا ہے، بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یا طاقت کے ذریعے اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتا اور نہ ہی کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان امن اور تعمیری مصروفیات کے لیے پرعزم ہے لیکن وہ کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے یکساں طور پر پرعزم ہے۔ ترجمان نے کہا کہ علاقائی ہم آہنگی کی قیمت پر تنگ سیاسی فائدے کے حصول کی بجائے جنوبی ایشیا میں پائیدار امن پختگی، تحمل اور تنازعات کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کے لیے آمادگی کا تقاضا کرتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات