سعودی محکمہ شہری دفاع حاجیوں کے خیموں میں حفاظتی سہولیات کو یقینی بنانے میں مصروف

حفاظتی نگراں ٹیمیں منی میں گیس سلنڈر کے استعمال پر پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں،حکام

پیر 2 جون 2025 15:21

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)حج کے موقع پر منی میں شہری دفاع کی فورسز نے اپنی نگراں ٹیموں کے ساتھ تفتیشی دورے تیز کر دیے ہیں۔ میڈیارپورٹس کے مطابق اس کا مقصد حاجیوں کے خیموں میں حفاظتی سہولیات کی نگرانی اور حج و طواف کے اداروں کے حوالے سے شہری دفاع کی ہدایات پر عمل داری کو یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

شہری دفاع کی ٹیموں نے حاجیوں کی رہائش گاہوں، فائر فائٹنگ نیٹ ورکس، ایمرجنسی راستوں، اور بارش و سیلاب کے پانی کی نکاسی کے نظام پر تفتیشی دورے انجام دیے، جن میں متعلقہ اداروں کے ساتھ ہم آہنگی کی گئی۔

شہری دفاع نے واضح کیا کہ ان کی حفاظتی نگراں ٹیمیں منی میں گیس سلنڈر کے استعمال پر پابندی کے فیصلے پر عمل درآمد جاری رکھے ہوئے ہیں، اور کسی بھی پکڑی جانے والی گیس یا سلنڈر کو ضبط کیا جا رہا ہے۔اس کا مقصد یوم الترویہ (آٹھ ذو الحجہ) سے لے کر ایام تشریق کے آخری دن تک حاجیوں کی حفاظت اور سلامتی کے اعلی ترین درجات کو یقینی بنانا ہے۔