Live Updates

ملتان ، خدیجہ ویمن انٹر پرینیورشپ پروگرام کے پانچویں آن سائٹ ایونٹ کا انعقاد

پیر 2 جون 2025 17:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) پاکستان سنگل ونڈو (پی ایس ڈبلیو) کی جانب سے ملتان کی کاروباری خواتین کی معاونت کے لئے خدیجہ ویمن انٹر پرینیورشپ پروگرام کا پانچویں آن سائٹ ایونٹ کا انعقاد کیا۔ یہ پروگرام’ کیئر ‘کی قیادت میں چلنے والے چار سالہ سٹرائیو ویمن پروگرام اور ماسٹر کارڈ سینٹر فار انکلیوسیو گروتھ کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔

پی ایس ڈبلیو کی جانب سے پیر کو یہاں جاری اعلامیہ کے مطابق ایونٹ میں خواتین کاروباری افراد کو بین الاقوامی تجارت، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس، کسٹمز طریقہ کار اور مالیاتی سہولیات سے متعلق تربیت اور رہنمائی فراہم کی گئی جس کا مقصد خواتین کے کاروباری اداروں کو برآمدات کے قابل بنانا ہے۔پاکستان سنگل ونڈو ملک میں بین الاقوامی تجارت کو جدید بنانے میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ خواتین کو کاروبار کے مواقع فراہم کرنے میں بھی پیش پیش ہے۔

(جاری ہے)

خدیجہ پروگرام کے ذریعے پی ایس ڈبلیو اقوام متحدہ کے 2030 کے پائیدار ترقیاتی اہداف کا حصول یقینی بنانے کیلئے کوشاں ہے۔ حال ہی میں پروگرام کو عالمی تجارتی تنظیم کی جانب سے گلوبل ایوارڈ فار جینڈر ایکوئیلٹی ان ٹریڈ سے نوازا گیا ہے جو خواتین کو تجارت میں شامل کرنے کے حوالے سے پی ایس ڈبلیو کی کاوشوں کا اعتراف ہے۔ پی ایس ڈبلیو کے سی ای او آفتاب حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان سنگل ونڈو خواتین کی بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے پر عزم ہے۔

خدیجہ پروگرام ہماری اس حکمت عملی کا اہم حصہ ہے جس کے ذریعے ہم خواتین کو ضروری آگاہی، تربیت اور وسائل فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ عالمی تجارت میں کامیابی حاصل کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف معاشی ترقی کے حصول کا ذریعہ ہی نہیں بلکہ ایک جامع، پائیدار اور مسابقتی کاروباری ماحول بنانے کی کوشش بھی ہے۔ کیئر پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر عدیل شیراز نے کہا ہےکہ پی ایس ڈبلیو کے ساتھ ملتان میں خدیجہ پروگرام کا آغاز باعث مسرت ہے۔

یہ شراکت کاروباری خواتین کو درپیش رکاوٹوں کو دور کرنے میں مدد دیتی ہے اور انہیں بین الاقوامی منڈیوں میں کامیابی کے مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔ صدر ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان فرح ثاقب نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ خدیجہ پروگرام خواتین کی کاروباری صلاحیتوں کو اجاگر کرنے میں بہت مددگار ہے۔ ملتان جیسے علاقوں میں خواتین کو اس طرح کے مواقع کم ملتے ہیں۔

یہ پروگرام خواتین کو عالمی مارکیٹوں تک رسائی کا ایک اچھا موقع فراہم کرتا ہے اور ہم ان کوششوں کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہیں۔ نائب صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری قرۃ العین نے کاروبار میں خواتین کو بااختیار بنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ خواتین کاروباری افراد کو برابر کے مواقع دیے جائیں۔ خدیجہ پروگرام اس سمت میں ایک اہم قدم ہے اور اس طرح کے اقدامات کاروباری دنیا کو مزید خوشحال اور سب کے لیے قابل رسائی بنانے میں مدد دیتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہم اس مثبت تبدیلی کا حصہ ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات