آئی سی سی آئی، آئی سی ٹی انتظامیہ کا ڈینگی پر قابو پانے کیلئے تعاون کا فیصلہ

پیر 2 جون 2025 19:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جون2025ء) وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی بخار کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی ) انتظامیہ نے قریبی تعاون کا فیصلہ کیا ہے۔پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یہ پیشرفت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (اے ڈی سی) ایسٹ مہرین بلوچ کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سیدہ راشدہ بتول اور ڈینگی فوکل پرسن ڈاکٹر مظہر اور ڈاکٹر سلطان کے ہمراہ آئی سی سی آئی کے دورے کے دوران عمل میں آئی جہاں انہوں نے آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی سے ڈینگی کے خطرے کے خلاف مربوط حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے تفصیلی ملاقات کی۔

ملاقات میں آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر عبدالرحمان صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، ایگزیکٹو ممبر وسیم چوہدری اور آئی سی سی آئی کے صدر کے مشیر نعیم صدیقی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں رابطہ کاری کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں آگاہی مہم اور بڑے کاروباری علاقوں میں انسداد ڈینگی سپرے کی کارروائیاں شامل ہیں۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ کاروباری مقاماتِ پر مقرر کردہ تاریخ تک کوئی چھاپہ نہیں مارا جائے گا ۔

اے ڈی سی نے قومی ترقی میں کاروباری برادری کے تعاون کو سراہا اور پبلک-پرائیویٹ سیکٹر کے مابین تعاون کے فروغ میں آئی سی سی آئی کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیمبر کے فعال کردار سے دارالحکومت میں ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں میں نمایاں مدد ملے گی۔آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے اپنے استقبالیہ کلمات میں متعدد قومی ترقی میں تاجر برادری کے عزم کو اجاگر کیا۔

انہوں نے چیمبر کے ان اقدامات کا ذکر کیا جن کا مقصد انٹرپرینیورشپ کو فروغ دینا، سرمایہ کاری کے ماحول کو بہتر بنانا اور کاروبار کو آسان بنانا ہے۔ انہوں نے تعزیری کارروائیوں کے بجائے احتیاطی اور اصلاحی طریقوں کی ضرورت پر زور دیا اور اعلان کیا کہ مختلف مارکیٹس ایسوسی ایشنز کے رضاکار اس سلسلے میں آگاہی مہم میں بھرپور شرکت کریں گے۔سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، ڈاکٹر راشدہ، ڈاکٹر مظہر، اور ڈاکٹر سلطان نے بھی اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور باہمی تعاون اور مستقل کارروائی کے ذریعے ڈینگی کو ختم کرنے کے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا۔