لاہور میں مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے

پیر 2 جون 2025 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2025ء)صوبائی دارالحکومت لاہور میں مختلف واقعات کے دوران خاتون سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ایدھی فائونڈیشن کے ترجمان کے مطابق شیراکوٹ میں زہریلی گولیاں کھانے والی خاتون جناح ہسپتال میں دم توڑ گئی، 28 سالہ آمنہ اشتیاق نے 31 مئی کو زہریلی گولیاں کھائیں اورتین روز تک زیر علاج رہی۔

(جاری ہے)

داتا دربار گورا قبرستان کے قریب 70 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، متوفی بظاہر بھکاری معلوم ہوتا ہے، لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی، لاری اڈہ، جنرل بس اسٹینڈ کے قریب فٹ پاتھ سے ایک شخص مردہ حالت میں ملا، متوفی کی عمر 45 سال کے قریب ہے، بظاہر نشے کا عادی معلوم ہوتا ہے، متوفی کی موقع پر شناخت نہیں ہو سکی۔قانونی کارروائی کے بعد لاشیں مردہ خانے منتقل کر دی گئیں۔