ریلوے میں ٹریڈیونین سرگرمیوں پر پابندی کے کالے قانون ایم او ڈی کوختم کرنے کا فیصلہ جاری

پیر 2 جون 2025 21:55

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جون2025ء) ریلوے ملازمین کی نمائندہ تنظیم پریم یونین سی بی اے کی طویل اور کامیاب جدوجہد کے نتیجہ میں این آئی آر سی کے چیئرمین جسٹس شوکت صدیقی کی سربراہی میں ڈویژنل بنچ نے ریلوے میں ٹریڈیونین سرگرمیوں پر پابندی کے کالے قانون ایم او ڈی کوختم کرنے کا فیصلہ سنادیا۔اس کیس میں پریم یونین کی جانب سے مرکزی چیئرمین ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ بطوروکیل پیش ہوئے۔

ریلوے پریم یونین کے مرکزی چیئرمین ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ، مرکزی صدر شیخ محمد انور، سینئر نائب صدر عبد القیوم اعوان نے پورے ملک کے ملازمین کی ترجمانی کرتے ہوئے عدالت میں بھرپور انداز میں مقدمہ کی پیروی کی۔پریم یونین کے سیکرٹری جنرل خیرمحمو تونیو ،چیف آرگنائزرخالدمحمود چوہدری ، فیاض شہزادنے اسے تاریخی فیصلہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ یہ فیصلہ ریلوے پریم یونین اور مزدور کی جیت ہے۔

(جاری ہے)

ملک کی ریلوے تاریخ میں آج کا دن ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ایم او ڈی جیسے کالے قانون کا خاتمہ اور این آر سی کے تاریخی فیصلے نے نہ صرف ملازمین کے حقوق کو بحال کیا بلکہ ریلوے میں پریم یونین کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کیا۔پریم یونین کے راہنمائوںنے کہاکہ یہ فیصلہ یونین کی مستقل محنت، بصیرت افروز حکمت عملی اور اتحاد کا نتیجہ ہے۔

یہ محض قانونی کامیابی نہیں بلکہ کارکنوں کے حقوق کی بحالی، آئینی و جمہوری اقدار کے تحفظ اور مزدور تحریک کی اخلاقی فتح ہے۔ ایم او ڈی جیسے قوانین ملازمین کے حقوق کے خلاف تھے، کو عدالتی کٹہرے میں لا کر چیلنج کرنا اور اس کے خلاف فیصلہ حاصل کرنا ایک جرت مندانہ اقدام تھا۔ یہ یونین کی قیادت کی دور اندیشی اور عملی جدوجہد کا مظہر ہے۔راہنمائوں نے کہاکہ ریلوے پریم یونین کی مرکزی قیادت کو اس تاریخ ساز کامیابی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

ان کی کاوشیں نہ صرف موجودہ ملازمین بل کہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک روشن مثال بن چکی ہیں۔ آج ہر ریلوے ملازم کو اس جدوجہد پر فخر ہے۔ریلوے پریم یونین ایک ذمہ دار ٹریڈیونین کی حثیت سے اپنے رول ماڈل کے ذریعے ریلوے اور ملکی معیشت کی بہتری کیلئے اپنا کرداراداکرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :