لاہور پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف کریک ڈاون،چوروڈکیت، منشیات فروش، اسلحہ کی نمائش میں ملوث ملزمان گرفتار

منگل 3 جون 2025 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی ہدایت پر لاہور پولیس کی شہر بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔پولیس رسپانس یونٹ اورڈولفن سکواڈ کی ڈالہ کلچر کے خلاف مہم کامیا بی سے جاری ہے۔ پی آریو ٹیم نے ملتان روڈ سے سرعام اسلحہ کی نمائش کرنے والے 04ملزمان گرفتارکر لئے۔گرفتار ملزمان میں ظفر،ارشاد اور جبار وغیرہ شامل ہیں۔

ملزمان کے قبضہ سے واکی ٹاکی سیٹ،03 رائفلیں اور میگزین برآمدکئے گئے۔ ملزمان ویگو ڈالہ پر سرعام اسلحہ کی نمائش کر رہے تھے۔ گرفتار ملزمان مختلف مقدمات میں ریکارڈ یافتہ نکلے۔ اسی طرح ڈولفن سکواڈ کی چوروں کیخلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری ہیں۔ چوہنگ کے علاقے سے شہریوں کے قیمتی موبائل چوری کرکے فرار ہونیوالے2 ملزمان ڈولفن جوانوں نے دھر لئے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان میں قربان اور ساجد شامل ہیں۔ ڈولفن ٹیم نے سیف سٹی کی کال پرفوری ریسپانس کرتے ہوئے ازمیر ٹاون سے ملزمان کو گرفتار کیا۔ملزمان کے قبضہ سے چوری شدہ موبائل برآمدکر لئے گئے۔ ایس پی موبائلز ارسلان زاہد کی ہدایت پرصوبائی دارالحکومت کے ناکہ جات پر سخت سکیورٹی کا عمل بھی جاری ہے۔ ناکہ سگیاں پر تعینات جوانوں نے خواتین کی آڑ میں منشیات سپلائی کرنیوالے2 ملزمان خاتون سمیت گرفتارکر لئے۔

ناکہ پر موجود اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو چیک کیا۔گاڑی کی تلاشی پر 100 سے زائد مختلف برانڈ کی شراب کی بوتلیں برآمدہوئیں۔ ملزمان گاڑی پر خواتین کی آڑ میں شراب سپلائی کرنے کے دھندے میں ملوث ہیں۔نیو انارکلی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے 02 ملزمان گرفتار کر لئے۔ منشیات فروشوں کی شناخت عمران اور ٹونی کے ناموں سے ہوئی۔

ملزمان کے قبضہ سے ہزاروں مالیت کی آئس برآمد کی گئی۔ شاہدرہ ٹاون پولیس کی انتھک محنت اور کوشش سے کزن کے ہمراہ گھر سے نکلنے والی بچیوں کو بحفاظت تلاش کر لیا گیا۔ تین سالہ ایان اپنی کزنوں7 سالہ ہادیہ اور 4 سالہ ہانیہ کے ہمراہ گھر سے نکلے اور راستہ بھٹک گئے۔ والدہ نے تلاش کرنے کے بعد بیٹے سمیت بھانجیوں کے اغوا کا مقدمہ درج کروا دیا۔

ایس پی سٹی بلال احمد نے بچوں کو تلاش کرنے کیلئے فوری ٹیم تشکیل دی۔بچوں کی تلاش کیلئے سیف سٹی کیمروں جدید ٹیکنالوجی اور ہیومین ریسورس سے مدد حاصل کی گئی۔ پولیس نے رات بھر تلاش کرنے کے بعد بچوں کو بحفاظت تلاش کر لیا۔ لخت جگر اور بچیوں کے بحفاظت ملنے پر والدہ نے شاہدرہ ٹاون پولیس کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔چوکی راجہ مارکیٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پرآئس کی ترسیل ناکام بناتے ہوئے بین الااضلاعی2 منشیات فروش گرفتار کر لئے۔

گرفتار ملزمان میں بابر اور مدثر شامل ہیں۔ملزمان کپڑے کے کاروبار کی آڑ میں منشیات سپلائی کرنے کا دھندہ کرتے تھے۔ ملزمان مطلوبہ لوکیشن پر کپڑا سپلائی کرنے کے بہانے منشیات سپلائی کرنے آئے تھے۔ ملزمان کے قبضہ سے لاکھوں مالیت کی4 کلو سے زائد آئس برآمد کی گئی۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے آن لائن آرڈر پر مختلف صوبوں میں منشیات سپلائی کرنے کا اعتراف کیا۔

ایس پی کینٹ کیپٹن ریٹائرڈ قاضی علی کی ہدایت پر چوکی گلدشت ٹاون پولیس نے کمیونٹی سیفٹی پولیسنگ کی مثال قائم کر دی۔ پولیس نے والدین کی پریشانی کو خوشی میں بدلتے ہوئے 03 سالہ نور فاطمہ کو والدین سے ملوا دیا۔بچی گھر سے باہر کھیلنے نکلی اور واپسی پر گھر کا راستہ بھول گئی۔ بچی کی تلاش کیلئے الیکٹرانک و سوشل میڈیا، کیمرے، اعلانات، وائرلیس کالز سے مدد حاصل کی گئی۔

چند گھنٹوں کی کاوش سے چوکی گلدشت ٹاون پولیس نے بچی کو تلاش کر لیا۔03 سالہ نور فاطمہ کے بحفاظت ملنے پر والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کیا اور دعائیں دیں۔ ڈیفنس اے پولیس نے دورانِ پٹرولنگ 03 منشیات فروش گرفتار کر لئے۔گرفتار ملزمان میں بشارت،جمیل وغیرہ شامل ہیں۔ ملزمان کو منشیات کی سپلائی دیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکیا گیا۔ منشیات فروشوں کے قبضہ سے 03 کلو سے زائدچرس اور 300 گرام ہیروئن برآمدکی گئی۔

اسی طرح باٹا پور کے علاقے میں رشتے داروں کی آپس میں لڑائی جھگڑے کا وقوعہ پیش آیا۔ فائرنگ کے نتیجہ میں 45 سالہ نبیلہ اور 17 سالہ جنیشہ ہلاک ہوگئیں۔ ایس پی کینٹ کی ہدایت پر باٹا پور پولیس کا فوری ایکشن کرتے ہوئے مقتولہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے 03 نامزد ملزم ندیم، اویس اور طارق کو گرفتارکر لیا۔