ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن کی زیر صدارت اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پرسکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا

منگل 3 جون 2025 10:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عباس مجید خان مروت کی زیر صدارت اجلاس میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر امن و امان، سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈی پی اوز کوہاٹ، کرک، ہنگو، اورکزئی اور کرم کے علاوہ ایس پی سی ٹی ڈی کوہاٹ اور ایس پی سی ٹی ڈی کرم نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران عیدالاضحیٰ کےلئے فول پروف سکیورٹی پلانز کو حتمی شکل دی گئی۔

ڈی آئی جی کوہاٹ نے ہدایت کی کہ مساجد، بازاروں، مویشی منڈیوں اور دیگر عوامی مقامات پر سکیورٹی کے مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے مربوط پلان ترتیب دینے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ڈی آئی جی کوہاٹ نے ہدایت کی کہ تمام اضلاع میں سرچ آپریشنز اور سنیپ چیکنگ فوری طور پر شروع کی جائے، جبکہ حساس مقامات پر پولیس کی گشت میں بھی نمایاں اضافہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ اشتہاری اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے، جبکہ سی ٹی ڈی کی کارروائیوں کو بھی مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ انہوں نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے چوکس اور متحرک رہیں۔ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر پرامن ماحول کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے، جس کے لئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ اور مؤثر ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

متعلقہ عنوان :