بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کوجدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے،وائس چانسلر

منگل 3 جون 2025 15:40

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) سکول آف اکنامکس بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیر اہتمام جناح آڈیٹوریم میں سالانہ فنگشن اورالوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں سیشن 25۔2021کے 230 سے زائد طلبہ کو مختلف پر وگرامز میں کامیابی حاصل کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا ،جن میں بی ایس اکنامکس، بی ایس اکنامکس اینڈ فنانس، بی ایس بزنس اکنامکس اور پوسٹ اے ڈی پی پروگرامز شامل ہیں۔

تقریب کے مہمان خصو صی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر زبیر اقبال نے کہا کہ بہائوالدین زکریا یونیورسٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے ، تمام داخلے آن لائن سسٹم کے تحت ہو رہے ہیں۔طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق تعلیمی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ریسرچ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ،طلبہ کو جدید ریسرچ کی طرف راغب کرنے کےلئے سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

بہائو الدین زکریا یونیورسٹی بہت تیزی سے اپنے معیار کو بلند کرتے ہوئے بلندیوں کی طرف رواں دواں ہے۔یونیورسٹی اپنا سولر سسٹم بھی لگانے جا رہی ہے، ایک میگا واٹ کا سولر سسٹم نصب کرکے یونیورسٹی اپنی بجلی کی ضروریات پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سکول آف اکنامکس تیزی سے ترقی کرتا ہوا ادارہ ہے اس کی نصابی ترقی، تحقیقی رجحان اور طلبا کی شمولیت قابلِ ستائش ہے،جس میں پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان شیخ کی بصیرت افروز قیادت کو سراہتا ہوں ،جن کی انتھک محنت اور علمی وژن نے اس سکول کو قومی سطح پر ممتاز بنایا ہے۔

سکول آف اکنامکس کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان شیخ نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک جشن کا دن نہیں بلکہ فخراورتعلیمی عظمت کے عہد کی تجدید کا موقع ہے۔ سکول آف اکنامکس نے مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بی ایس اکنامکس ود ڈیٹا سائنسز، بزنس اینالیٹکس اور دیگر جدید ڈپلومہ پروگرامز جیسے کہ ڈیجیٹل اکانومی، سٹاک ایکسچینج اور کرپٹو کرنسی جیسے کورسز کا آغاز کیا ہے، تاکہ طلباکو عالمی و مقامی منڈیوں کے تقاضوں کے مطابق تیار کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید دی میٹ پروگرام کا ذکر کیا کہ جس کا مقصد طلبا کو متاثر کن شخصیات سے جوڑنا، ان میں قیادت کی صلاحیت پیدا کرنا اور عملی زندگی کے لیے ذہنی طور پر تیار کرنا ہے۔ڈا ئریکٹر سکول آف اکنامکس کی جانب سے ڈاکٹر رشید احمد، پیٹرن سکول آف اکنامکس ایگزیکٹو کلب کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا ہےجنہوں نے استقریب کے انعقاد میں کلیدی کردار ادا کیا۔

ان کی طلبا کی ہمہ جہت ترقی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں دلچسپی سکول کے تعلیمی ماحول کو مزید نکھارتی ہے۔ اس کے علاوہ معزز مہمانوں اور تعلیمی اداروں کے نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔ایس ای ای سی ایگز یکٹو باڈی کواسناد دی گئیں۔ کھیلوں کے مقابلوں میں کامیاب ہونے والی ٹیم بلو ہائیڈرا کو بھی خصوصی اعزاز دیا گیا۔نمایاں طلبا کو ان کی تعلیمی و ہم نصابی کارکردگی پر سکالرشپ چیک اور انعامات سے نوازا گیا۔سٹیج سیکرٹری کے فرائض مرزا ندیم بیگ، منال فاطمہ اور زہرہ ریاض نے ادا کئے۔