سرگودھا یونیورسٹی کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام آئی ٹی پراجیکٹس پر مشتمل خصوصی نمائش

منگل 3 جون 2025 16:00

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) یونیورسٹی آف سرگودھا کے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے زیرِ اہتمام آئی ٹی پراجیکٹس پر مشتمل خصوصی نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا۔ نمائش میں فائنل ایئر کے طلبہ نے دورِ حاضر کے جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل اپنے پراجیکٹس پیش کئے جن میں مصنوعی ذہانت، سائبر سکیورٹی سمیت دیگر اہم منصوبے شامل تھے۔

اس سلسلے میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس تھے،اس موقع پر چیئرمین ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر حکمت اللہ خان، پراجیکٹ ایڈوائزر ڈاکٹر محمد کلیم، شعبہ کے اساتذہ محمد مظہراقبال، وسیم احمد، ڈاکٹر بشریٰ جمیل، ڈاکٹر حمیرا اعجاز اور شفعان خالق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کہا کہ دورِ حاضر میں ہر شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ساتھ منسلک ہے جس کی وجہ سے اس کی اہمیت میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی سے ہم بہت سے مسائل کا حل لمحوں میں تلاش کرسکتے ہیں تاہم ہمیں ایسے جدید اور سود مند پراجیکٹس بنانے چاہئیں جس سے بنی نوع انسان کو فائدہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی طلبہ میں قدرتی صلاحیت موجود ہے جس کی واضح مثال آج کی یہ خصوصی آئی ٹی پراجیکٹ نمائش ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے شعبہ کے اساتذہ اور طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے کام کے ذریعے نہ صرف اپنے ادارے کو بلکہ ملک کو بھی فائدہ پہنچائیں اور اسی میں ہماری ترقی کا راز مضمر ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شعبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر حکمت اللہ خان نے کہا کہ ہماری آج کی اس نمائش کا مقصد جہاں جدید پراجیکٹس کو متعارف کروانا ہے وہاں تعلیم کو صنعت کے ساتھ بھی جوڑنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے طلبہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے مختلف سسٹمز اور لرننگ ماڈل بنا رہے ہیں جن میں جدید زراعت میں خود کار طریقے سے پودوں کو پانی دینا، ان کی نشونما کو مانیٹر کرنا، کم جگہ، کم پانی اور کم محنت سے زیادہ پیداوار کا حصول ممکن بنانا، نیز اس نمائش میں ہاتھ کے اشاروں سے چلنے والی ربوٹک کار، وائرلیس کنٹرول معذور افراد کے لئے مختلف مشینری اور میڈیکل کے حوالے سے جلدی بیماریوں کی مصنوعی ذہانت کے ذریعے تشخیص کرنا شامل ہے۔

اس موقع پر شعبہ کے اساتذہ شفعان خالق بھٹی نے کہا کہ ہمارے طالب علم روایتی تعلیم کی بجائے جدید تقاضوں کے ہم آہنگ پراجیکٹس بنا رہے ہیں اور ہم وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس کے وژن کے مطابق اپنے شعبہ میں جدید ٹیکنالوجی پر مبنی منصوبے پیش کررہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر مختلف کمپنیوں سے آئے ہوئے نمائندگان، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین اور اساتذہ کو یادگاری سوونیئر بھی پیش کئے گئے۔