نگران قونصل جنرل ایران علی رضا رجائی کا ڈاکٹرکلیم اللہ ہیلتھ فائونڈیشن کا دورہ ،مختلف شعبوں کا معائنہ

منگل 3 جون 2025 17:52

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) اسلامی جمہوریہ ایران کے نگران قونصل جنرل علی رضا رجائی نے کوئٹہ میں ڈاکٹر کلیم اللہ ہیلتھ فاؤنڈیشن ہسپتال کا خصوصی دورہ کیا۔ہسپتال پہنچنے پر عہدیداران نے قونصل جنرل کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ہسپتال کی مختلف طبی خدمات اور شعبوں، جن میں ایمرجنسی، آئی سی یو، آپریشن تھیٹر، ڈائیلاسز یونٹس اور لیبارٹریز کا تفصیلی دورہ کرایا گیا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر زرک خان نے ہسپتال کی کارکردگی اور طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں قونصل جنرل کو تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

علی رضا رجائی نے ہسپتال کی جانب سے عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی کوششوں کو بے حد سراہا۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے پریزیڈنٹ ڈاکٹر کلیم اللہ خان سے ملاقات کی اور ان کے ’’صحت اور غریب لوگوں کے لیے‘‘ قابلِ قدر خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے ہسپتال کو ڈائیلاسز یونٹس (مشینیں) عطیہ کرنے کا بھی عہد کیا۔ڈاکٹر کلیم اللہ ہیلتھ فاؤنڈیشن کے نمائندگان نے قونصل جنرل کے اس دورے اور تعاون کے عہد پر اظہار تشکر کیا۔ یہ دورہ دونوں فریقین کے درمیان صحت کے شعبے میں مستقبل میں تعاون کے نئے راستے کھول سکتا ہے۔