ڈپٹی کمشنر عمران علی کاکوٹ رادھاکشن میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائم عارضی مویشی منڈی کا دورہ

منگل 3 جون 2025 18:58

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء) ڈپٹی کمشنر قصور عمران علی کاکوٹ رادھاکشن میں قائم مویشی منڈی کا دورہ‘عوام الناس اور بیوپاریوں کو دی جانیوالی سہولیات کاتفصیلی جائزہ لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر عمران علی نے گزشتہ روز کوٹ رادھاکشن میں قائم مویشی منڈی کا دورہ کر کے تمام سہولیات کو چیک کیا۔ ڈی سی نے مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی، میڈیکل کیمپس، عملے کی حاضری، پانی کی دستیابی، جانوروں کے لیے چارے سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو انتظامات کو مزید بہتر کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کوٹ رادھاکشن سمیت ضلع بھر میں 8عارضی مویشی منڈیاں قائم کی گئی ہیں اور تمام مویشی منڈیوں میں قربانی کے جانوروں کیلئے ٹینٹس‘پینے کے پانی‘جنریٹر سمیت دیگر سہولیات مہیا کی گئی ہیں اس کے علاوہ منڈیوں میں شہریوں کیلئے پینے کے صاف پانی، پارکنگ، ٹائلٹس سمیت دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام مویشی منڈیوں میں محکمہ ہیلتھ اور لائیو سٹاک کے کیمپ قائم کئے گئے ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر کانگووائرس سے بچائو کیلئے سپرے کیا جا رہا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور کی ہدایت پر ضلع بھر میں مویشی منڈیاں مکمل فعال کر دی گئی ہیں، تمام منڈیوں میں خریداروں اور بیوپاریوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ مویشی منڈیوں میں انتظامات پر کسی شکایت کے ازالہ کیلئے بہترین اور ٹھوس انتظامات کیے گئے ہیں، تمام منڈیوں میں آنے والے جانوروں پر سپرے کو سو فیصد یقینی بنایا جارہاہے۔

انہوں نے کہا کہ منڈیوں کے تمام داخلی اور خارجی راستوں پر لائیوسٹاک کے کیمپس سے جانوروں کو سپرے کیا جارہا ہے جبکہ کسی بھی جانور کو بغیر سپرے منڈی میں داخل نہیں ہونے دیا جارہا۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈیوں میں پارکنگ کے نظام کو منظم رکھیں اور کوئی غیر قانونی منڈی نہ لگانے دی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ تمام مویشی منڈیوں میں میڈیکل کیمپس اور لائیو سٹاک کیمپس میں ادویات اور ڈاکٹر موجود ہیں، افسران و عملہ مویشی منڈیوں میں پانی کی فراہمی پر خصوصی کاوشیں مرکوز کریں، آج کل شدید گرمی ہے جانوروں کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا مویشی منڈیوں میں صفائی ستھرائی میونسپل اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مویشی منڈیوں کے علاوہ دیگر مقامات پر جانوروں کی خریدو فروخت کی ہرگز اجاز ت نہ ہوگی اور خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔