Live Updates

کہتے ہیں 9مئی پر معافی مانگیں، دباؤ بڑھتا ہے تو میرے پاس ٹیمیں بھیجتے ہیں، عمران خان

بانی نے بتایا کہ لندن پلان کے تحت 9مئی ہوا، 26ویں ترمیم ہوئی اور الیکشن میں دھاندلی کی گئی، علیمہ خان کی میڈیاسے گفتگو

منگل 3 جون 2025 19:55

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بتایا ہے کہ عمران خان نے کہا کہ مجھے 9مئی پر معافی مانگنے کو کہا جاتا ہے اور جب دبا بڑھتا ہے تو پھر یہ میرے پاس ٹیمیں بھیجتے ہیں،بانی نے بتایا کہ لندن پلان کے تحت 9مئی ہوا، 26ویں ترمیم ہوئی اور الیکشن میں دھاندلی کی گئی۔اڈیالہ جیل کے باہر دونوں بہنوں کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے بتایا کہ میری 2بہنوں کو جیل کے اندر جانے دیا گیا اور مجھے باہر بٹھایا گیا،بانی نے کہا ہے کہ ہمارے سارے دروازے بند کیے گئے ہیں۔

علیمہ خان کے مطابق عمران خان نے کہا کہ سمبڑیال میں کھل کر دھاندلی ہوئی ہے،انصاف کے ادارے کنٹرول کرلیے گئے ہیں،لندن پلان کے تحت 9مئی ہوا، 26ویں ترمیم ہوئی اور الیکشن میں دھاندلی کی گئی، 10ہزار پی ٹی آئی ورکرز کو جیلوں میں ڈالا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ بانی نے کہا کہ 8فروری کی شام کو انقلاب آیا، 9فروری کو 17سیٹوں والوں کو حکومت پکڑا دی گئی،قاضی فائز عیسیٰ کے جاتے وقت 26ویں آئینی ترمیم کا منصوبہ بنا،چیف الیکشن کمشنر غیر آئینی طریقے سے ابھی تک بیٹھا ہوا ہے۔

علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے وہ جیل سے احتجاجی تحریک کو لیڈ کریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ حقیقی جمہوریت کے لیے ظلم کے نظام کے خلاف کھڑا ہونا پڑے گا،اب سب کو نکلنا پڑے گا۔عمران خان نے کہا کہ یہ صرف کہتے ہیں 9مئی پر معافی مانگیں، جب دباؤ بڑھتا ہے تو یہ میرے پاس ٹیمیں بھیجتے ہیں،میں نے کہا کہ 9مئی کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں۔

علیمہ خان نے کہا کہ بانی کو بلاواسطہ کہا جارہا ہے کہ آپ سی سی ٹی وی فوٹیجز کی بات نہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ تنویر احمد ہمارے ڈونر ہیں، پرانا جانتے ہیں جس وقت تنویر احمد کی ملاقات کرائی گئی، میں اور میری بہنیں جیل میں تھیں،تنویر احمد کے رابطے اسٹیبلشمنٹ سے تھے ، انہوں نے ہی ملاقات کرائی،تنویر احمد کے ذریعے بانی کو بتایا گیا تھا کہ 9مئی پر معافی مانگیں۔عظمیٰ خان نے اس موقع پر بتایا کہ تنویر احمد ایک دفعہ ملے ہیں، دوسری دفعہ بھی آئے لیکن بانی نے منع کیا تھا،تنویر احمد دوسری دفعہ ریکویسٹ کرکے ملے تھے لیکن بانی نہیں ملنا چاہتے تھے۔علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کا کہنا ہے میں بطور پیٹرن ان چیف لیڈ کروں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات