اسلام آباد ہائیکورٹ نے دامنِ کوہ سے ریڑھی بانوں کو بیدخل کرنے سے روک دیا

منگل 3 جون 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں دامنِ کوہ سے ریڑھی بانوں کو بے دخل کرنے سے روک دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس انعام امین منہاس نے مارگلہ پہاڑیوں کے پرفضا مقام دامن کوہ سے ریڑھی بانوں کی بے دخلی کے خلاف کیس کی سماعت کی، ریڑھی بانوں کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت نے دامن کوہ سے ریڑھی بانوں کو بے دخل کرنے سے روک دیا۔وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سی ڈی اے نے نجی ریسٹورنٹ کی بندش کے بعد ریڑھی بانوں کو بھی بے دخل کر دیا، عدالت کا فیصلہ مارگلہ کی پہاڑیوں پر واقع نجی ریسٹورنٹ کی حد تک تھا۔وکیل نے بتایا کہ سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا ریڑھی بانوں سے متعلق فیصلہ موجود ہے۔بعد ازاں عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لائسنس یافتہ ریڑھی بانوں کیلئے کسی بھی قسم کی رکاوٹ سے سی ڈی اے باز رہے، عدالت نے کیس کی سماعت 30 جون تک کیلئے ملتوی کر دی۔