ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی کی جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر سے ملاقات

حالیہ برسوں میں جامعہ بلوچستان کے کئی سابقہ گریجویٹس نے سی ایس ایس امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے،پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمدبازئی

منگل 3 جون 2025 21:25

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی لاہور کے فرحان عزیز خواجہ نے جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہوراحمد بازئی سے ملاقات کی۔ جامعہ کیطلبہ کو سی ایس ایس امتحانات پر رہنمائی سیشن انعقاد کیا گیا۔سول سروسز اکیڈمی (CSA) لاہور کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ اور کامن ٹریننگ پروگرام کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی پرمشتمل وفد نے جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔

اس موقع پر جامعہ کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی نے وفد کا پرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، لاسبیلہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر، واٹر اینڈ میرین سائنسز کے وائس چانسلر ڈاکٹر عبد المالک ترین، اور جامعہ بلوچستان کے ، ڈائریکٹر جنرل اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر عبد الناصر کھیازئی، اور رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے سول سروسز اکیڈمی لاہور کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ اور طلبہ کے ساتھ ایک اہم نشست کی۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ کے سول سروسز میں کردار پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ حالیہ برسوں میں جامعہ بلوچستان کے کئی سابقہ گریجویٹس نے سی ایس ایس امتحانات میں کامیابی حاصل کی ہے اور اعلیٰ سرکاری عہدوں پر فائز ہیں۔

وائس چانسلر نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ یونیورسٹی کے موجودہ طلبہ میں سی ایس ایس امتحانات میں شرکت کا رجحان بڑھ رہا ہے، جو قومی خدمت اور قیادت کے جذبے کا مظہر ہے۔ وائس چانسلر نے ڈائریکٹر جنرل کی آمد کو طلبہ کے لیے ایک حوصلہ افزا قدم قرار دیا اور سول سروسز اکیڈمی کے ساتھ مستقبل میں مشترکہ ورکشاپس اور سیشنز کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے طلبہ کو سی ایس ایس اور دیگر مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی لاہور فرحان عزیز خواجہ نے طلبہ کے ساتھ ایک خصوصی نشست میں شرکت کی، جس میں سی ایس ایس امتحانات کی تیاری، سول سروسز اکیڈمی کا کردار، اور نوجوانوں کے لیے سرکاری ملازمتوں میں شمولیت کے مواقع پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

فرحان عزیز خواجہ نے طلبہ کو سول سروسز اکیڈمی کی تربیتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور امتحانات کی تیاری کے لیے محنت، لگن اور مستقل مزاجی کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر زیدی نے کامن ٹریننگ پروگرام کے ڈھانچے اور سول سروسز میں شمولیت کے بعد کی تربیت کے مراحل پر روشنی ڈالی۔ ان کی موجودگی نے تعلیمی اداروں اور سول سروسز کے تربیتی اداروں کے درمیان تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔نشست کے دوران سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا، جس میں طلبہ نے سی ایس ایس امتحانات، مضامین کے انتخاب، اور تیاری کی حکمت عملیوں سے متعلق سوالات کیے۔ فرحان عزیز خواجہ اور ڈاکٹر سید شبیر اکبر زیدی نے طلبہ کے سوالات کے تفصیلی جوابات دیے اور انہیں مفید مشورے فراہم کیے۔

متعلقہ عنوان :