حجاج اللہ کے مہمان ہیں، ان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے، مروان الزہری کی پریس بریفنگ

منگل 3 جون 2025 23:50

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2025ء) سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے کنٹرول روم کا پیر کے روز ملک بھر سے آئے ہوئے صحافیوں نے دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزارت حج و عمرہ کے میڈیا کے جنرل مینجر، مروان الزہری نے صحافیوں کو بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام اللہ تعالیٰ کے مہمان ہیں اور ان کو ان کے مذہبی فرائض پرامن اور سہولت کے ساتھ ادا کرنے کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔

مروان الزہری نے بتایا کہ اس سال حجاج اور عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے وزارت نے جدید اور مؤثر اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حجاج اور عمرہ زائرین کو ان کے آمد کے مقامات یعنی ایئرپورٹس سے لے کر ہوٹلز تک مکمل سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری یا پریشانی کا سامنا نہ ہو۔

(جاری ہے)

مزید برآں انہوں نے بتایا کہ وزارت حج و عمرہ نے ایک مرکزی کنٹرول روم قائم کیا ہے جو تمام انتظامات کی نگرانی کر رہا ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دے سکتا ہے۔

انہوں نے کہا یہ کنٹرول روم ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔پریس بریفنگ کے دوران جب ایک صحافی نے غیر قانونی طور پر حج کرنے والوں کے بارے میں سوال کیا تو مروان الزہری نے واضح جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسے افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ حجاج کو حج قانونی طریقے اور درست دستاویزات کے ساتھ ادا کرنا چاہیے تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔

اس موقع پر مروان الزہری نے دنیا بھر سے آنے والے میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "ہم اُن میڈیا نمائندوں کے شکر گزار ہیں جو دنیا بھر سے حج کی کوریج کے لیے آئے ہیں۔ ہمیشہ کی طرح، بین الاقوامی میڈیا سعودی عرب کا مثبت تشخص دنیا بھر میں اجاگر کرے گا۔" پریس بریفنگ کے اختتام پر مروان الزہری نے زور دیا کہ سعودی حکومت حجاج کی خدمت کو ایک مقدس فریضہ سمجھتی ہے اور اس مشن کی کامیابی کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہے۔