جنوبی کوریا کے نئے صدر لی جے میونگ نے حلف اٹھا لیا

بدھ 4 جون 2025 12:45

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) جنوبی کوریا کے نئے صدر لی جے میونگ نے اپنےعہدے کا حلف اٹھا لیا۔ شنہوا کے مطابق جنوبی کوریا کے 21ویں صدر نے نیشنل اسمبلی کی عمارت میں حلف اٹھایا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں انہوں نے کہا کہ وہ عوام کی خدمت کریں گے، چاہے انہوں نے صدارتی انتخابات میں کسی کی بھی حمایت کی ہو۔ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے لی جے میونگ نے 49.42 فیصد ووٹ حاصل کیے اور اپنے حریف کم مون سو - جو کہ قدامت پسند پیپل پاور پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں کو 8.27 پوائنٹس کے واضح فرق سے شکست دی۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایشیائی ملک ایک بڑے تبدیلی کے موڑ پر کھڑا ہے، جہاں مصنوعی ذہانت میں مقابلہ، موسمیاتی تبدیلی اور بڑھتے ہوئے تحفظاتی اقدامات جیسے چیلنجز درپیش ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام کی زندگیوں میں بہتری اور کمزور معیشت کو بحال کرنے کی کوششوں سے آغاز کرنے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ ان کی حکومت نئی ترقیاتی راہیں پیدا کرے گی اور ترقی کے ثمرات کو منصفانہ انداز میں تقسیم کرے گی۔

لبرل رہنما نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت پورے ملک میں متوازن علاقائی ترقی کو فروغ دے گی تاکہ پائیدار ترقی ممکن ہو، اور ساتھ ہی ثقافتی صنعت کو فعال طور پر سپورٹ کرے گی۔انہوں نے جزیرہ نما کوریا میں امن قائم کرنے کے لیے شمالی کوریاکے ساتھ مکالمے اور تعاون کا وعدہ کیا، اور کہا کہ وہ عوام کو ہجوم میں کچلے جانے اور ہوائی جہازوں کے حادثات جیسے سانحات سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کریں گے۔ تقریب میں پارلیمنٹ، سپریم کورٹ، آئینی عدالت اور الیکشن کمیشن کے سربراہان کے علاوہ ارکانِ پارلیمنٹ اور کابینہ کے وزرا نے شرکت کی۔تقریب سے قبل، لی جے میونگ نے سیول نیشنل قبرستان پر حاضری دی، جہاں ان افراد کو دفن کیا گیا ہے جنہوں نے ملک کے لیے قربانیاں دیں۔