ایران کو پر امن جوہری پروگرام پر عمل کرنے کا حق حاصل ہے،روس

بدھ 4 جون 2025 13:22

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) روس نے ایران کے پر امن جوہری پروگرام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام پر عمل کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق یہ بات کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے گزشتہ روز بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کو اپنے پر امن مقاصد کے لیے جوہری توانائی حاصل کرنے کا حق ہے ، خاص طور پر ایسا پروگرام جو بین الاقوامی جوہری ادارے آئی اے ای اے کی سخت نگرانی میں ہو۔

ترجمان نے کہا کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ یہ حق تمام ممالک کو حاصل رہنا چاہیے۔انہوں نے کہا ہم جوہری امور پر مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں تاکہ ایک پر امن حل سامنے آسکے تاکہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کا خدشہ نہ رہے۔

(جاری ہے)

روس کی جانب سے یہ بیان صدر ٹرمپ کے اس بیان کے ایک روز بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران یورینیم افزودہ کرنے کے امکان کو چھوڑ دے گا تاکہ ایران کے ساتھ نیا جوہری معاہدہ ہوسکے۔

امریکا اور ایران کے درمیان مارچ کے دوران شروع ہونے والے جوہری پروگرام میں مذاکرات میں یورینیم کی افزودگی اہم نکتے کے طور پر زیر بحث رہی ہے۔ ان مذاکرات کے نتیجے میں امریکا اور ایران کے درمیان 2018 میں ختم ہونے والے جوہری پروگرام کی جگہ ایک نیا معاہدہ کرنے کی کوشش جاری ہے، تاہم پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ ہم ایران کو یورینیم افزودہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔