لاکھوں فرزندانِ توحید کا منیٰ کی خیمہ بستی میں قیام، روح پرور مناظر

ہر طرف لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کی صدائیں گونجنے لگیں، موسم کی تپش کم کرنے کیلئے خصوصی انتظامات

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 13:35

لاکھوں فرزندانِ توحید کا منیٰ کی خیمہ بستی میں قیام، روح پرور مناظر
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) لاکھوں فرزندانِ توحید کی آمد اور قیام کے ساتھ ہی منیٰ کی خیمہ بستی آباد ہوگئی اور وادی منیٰ میں لبیک کی روح پرور صدائیں گونج اٹھیں۔ تفصیلات کے مطابق رواں برس مناسکِ حج کا آغاز ہو چکا ہے، اس سال رکھنے جانے والے سلوگن ’یسروطمانينة‘ (آسانی و اطمینان) کا مقصد حجاج کرام کو ہر طرح سے آرام اور سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ کسی بھی قسم کی دشواری کے بغیر فریضہ حج ادا کرسکیں، اس کو مدںطر رکھتے ہوئے حج کے لیے سعودی حکومت نے مثالی انتظامات کیے ہیں، تاکہ اس مقدس کے سفر کے آغاز سے لے کر حرمین پہنچنے تک عازمین کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

بتایا گیا ہے کہ لاکھوں عازمین حج مکہ مکرمہ سے قافلوں کی صورت میں مرحلہ وار منگل کی شب وادی منیٰ پہنچنا شروع ہوئے، عازمین کو بسوں اور مشاعر مقدسہ ٹرین کے ذریعے وادی منیٰ کی عارضی خیمہ بستی منتقل کیا گیا، انتظامیہ کی جانب سے حجاج کی نقل و حمل کو منظم رکھنے کے لیے مرحلہ وار منی منتقلی کا شیڈول جاری کیا گیا جس کا مقصد حجاج کی نقل وحرکت کو بہتر بنانا اورغیر ضروری رش پر قابو رکھنا ہے جب کہ منیٰ میں عازمین حج کی آمد سے قبل ہی تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے، مشاعر مقدسہ ریلوے سٹیشنوں پر عازمین کی رہنمائی کے لیے رضا کاروں اور سکاوٹس کو تعینات کیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ مکہ مکرمہ سے وادی منیٰ جانے والے راستوں پر سکیورٹی اہلکاروں نے حج پرمٹ کی سختی سے چیکنگ کی کیوں کہ پرمٹ کے بغیر کسی کو مشاعر مقدسہ میں جانے کی اجازت نہیں ہے اسی لیے منیٰ کے تمام داخلی راستوں پرسکیورٹی چیک پوائنٹس قائم ہیں، جب کہ سعودی وزارت حج و دیگر سرکاری اداروں نے منیٰ میں مثالی انتظامات کیے ہیں، عارضی خیمہ بستی کی صفائی کے لیے جامع انتظامات کیے گئے جن کے تحت صفائی کے لیے ہزاروں کارکن مختلف مقامات پر موجود ہیں، صفائی کی گاڑیاں بھی بڑی تعداد میں وادی میں پہنچادی گئیں۔

بتایا جارہا ہے کہ موسم کی تپش کو کم کرنے کے لیے انتظامیہ نے خصوصی انتظامات کیے ہیں جن کے تحت مشاعر مقدسہ کے تمام مقامات پر پانی کی پھوار کا خصوصی اہتمام کیا گیا ہے، 8 ذی الحجہ کا سارا دن حجاج منیٰ میں ہی گزرایں گے جہاں وہ پانچ وقت کی نمازیں ادا کریں گے، منیٰ میں سارا دن گزارنے کے بعد رات گئے حجاج میدان عرفات منتقل ہوجائیں گے۔