Live Updates

شارجہ اور دبئی میں عید الاضحیٰ پر فری پارکنگ کا اعلان

ویری ایبل ٹول ریٹس کا نفاذ ہوگا، میٹرو اور ٹرام کے اوقات بھی بتا دیئے گئے

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 14:59

شارجہ اور دبئی میں عید الاضحیٰ پر فری پارکنگ کا اعلان
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) دبئی اور شارجہ نے عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران مفت پارکنگ کا اعلان کردیا۔ اماراتی میڈیا کے مطابق شارجہ میونسپلٹی نے عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے تین دن کے لیے مفت پارکنگ کا اعلان کیا ہے، شہر میں عوامی پارکنگ استعمال کرنے والوں کو جمعہ 6 جون، سے اتوار 8 جون تک پارکنگ فیس سے استثنیٰ دے دیا گیا ہے یعنی ان دنوں گاڑیوں کی پارکنگ کی مد میں کسی بھی قسم کی فیس وصول نہیں کی جائے گی، اس استثنیٰ کا اطلاق سات دن کے ادا شدہ پبلک پارکنگ زونز پر نہیں ہوتا، جو پورے ہفتے اور سرکاری تعطیلات میں بھی کام کرتے ہیں اور ان کی شناخت نیلے رنگ کی پارکنگ کی معلومات کے نشانات سے ہوتی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ دبئی میں عید الاضحیٰ پر 5 سے 8 جون تک پبلک پارکنگ مفت استعمال کی جاسکے گی، ملٹی لیول پارکنگ ٹرمینلز تعطیلات کے دوران بھی بطور ادا شدہ سروس ہی کام کریں گے جب کہ دبئی کا ٹول آپریٹر سالک عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے چاروں دنوں میں ویری ایبل روڈ ٹول قیمتوں کا نفاذ کرے گا، اس کا مطلب ہے 5 سے 8 جون یعنی جمعرات سے اتوار تک صبح 6 بجے سے صبح 10 بجے تک اور شام 4 بجے سے شام 8 بجے تک کے اوقات کے دوران جب بھی کوئی گاڑی دبئی کے 10 سالک گیٹس میں سے کسی سے بھی گزرے گی تو ٹیرف 6 درہم ہوگا، صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اور شام 8 بجے سے صبح 1 بجے تک ٹول گیٹ چارجز 4 درہم ہوں گے، سالک صبح 1 بجے سے صبح 6 بجے تک مفت ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں اتھارٹی نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کے اوقات کا بھی اعلان کیا ہے، دبئی میٹرو بدھ 4 جون سے ہفتہ 7 جون تک صبح 5 بجے سے صبح 1 بجے (اگلے دن) چلے گی، دبئی ٹرام بدھ 4 جون سے ہفتہ 7 جون تک صبح 6 بجے سے صبح 1 بجے (اگلے دن) تک آپریشنل رہے گی، رہائشیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ بس کے تازہ ترین اوقات کے لیے متعلقہ ایپ دیکھیں، تاہم کچھ بسیں وقفے کے دوران عارضی طور پر کام نہیں کریں گی، جن میں 4 جون سے 8 جون تک بس روٹ E100 الغبیبہ بس سٹیشن سے نہیں چلے گا، مسافر اس دوران ابن بطوطہ بس سٹیشن سے ابوظہبی تک E101 استعمال کریں، اسی طرح بس روٹ E102 ابن بطوطہ بس سٹیشن اور مصفحہ سے گزرے بغیر ابوظہبی کے زید بین الاقوامی ہوائی اڈے تک الجفیلیہ بس سٹیشن سے براہ راست چلے گی۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات