مناسکِ حج کی ادائیگی کے دوران گرمی سے بچاؤ کیلئے ایڈوائزری جاری

دن میں زیادہ تر وقت اپنے کیمپوں میں رہیں، صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے دور رہیں تاکہ گرمی سے متعلق کسی بھی قسم کے واقعات سے بچا جا سکے؛ سعودی وزارت حج و عمرہ کا بیان

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 14:01

مناسکِ حج کی ادائیگی کے دوران گرمی سے بچاؤ کیلئے ایڈوائزری جاری
مکہ مکرمہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) سعودی عرب نے عازمین کے لیے مناسکِ حج کی ادائیگی کے دوران موسم کی تپش اور گرمی سے متعلق واقعات سے بچنے کے لیے ایڈوائزری جاری کردی۔ سعودی وزارت حج و عمرہ کے حکام نے عازمین حج کے لیے جاری ایڈوائزری میں کہا ہے کہ وہ دن کی ایک مخصوص مدت کے دوران اپنے کیمپوں کے اندر رہ کر گرمی سے اپنے بچاؤ کو یقینی بنائیں، عازمین دن کے اوقات میں زیادہ تر وقت اپنے کیمپوں میں رہیں، 4 جون بروز بدھ اور 5 جون بروز جمعرات صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ سے دور رہیں تاکہ گرمی سے متعلق کسی بھی قسم کے واقعات سے بچا جا سکے۔

بتایا گیا ہے کہ حکام نے گزشتہ سال 1 ہزار 301 حاجیوں کی موت کے بعد اس سال سعودی انتظامیہ نے تخفیف کے اقدامات میں اضافہ کیا ہے، آج بدھ سے مناسکِ حج شروع ہونے کے ساتھ اس ہفتے درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے زیادہ تک بڑھنے کا خادشہ ظاہر کیا جارہا ہے، عازمین کو گرمی سے بچانے کے لیے حکام نے اس سال 40 سے زیادہ سرکاری اداروں اور 2 لاکھ 50 ہزار سے زائد اہلکاروں کو متحرک کیا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کے حج کے وزیر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ اس برس عازمین حج کی سہولت کے لیے سایہ دار علاقوں کو 50 ہزار مربع میٹر (12 ایکڑ) تک بڑھا دیا گیا ہے، ہزاروں مزید طبی عملے اسٹینڈ بائی پر ہوں گے اور 400 سے زیادہ کولنگ یونٹس تعینات کیے گئے ہیں، تاہم بار بار عازمین کو یہ مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ سورج کی روشنی سے حتی الامکان بچیں، حفاظتی چھتری استعمال کریں اور کافی مقدار میں پانی یا دیگر مشروبات مسلسل پیتے رہیں۔

حجاج کو یہ بھی تلقین کی گئی ہے کہ وہ اپنے خیموں میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں، اس دوران مسجد نمرہ یا جبل الرحمہ میں جانے سے گریز کریں، عازمین کو پیدل چلنے کی بجائے مزدالت تک جانے کے لیے بسوں یا ٹرینوں کا استعمال کرنا چاہیئے، ہیٹ اسٹروک کے 44 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن کا علاج کیا جا چکا ہے، جدید ترین مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی مکہ مکرمہ سے ڈرونز کے ایک نئے بیڑے کی ویڈیو سمیت ڈیٹا اور فوٹیج عازمین کی آمد و رفت کی نگرانی میں بھی مدد کرے گی تاکہ بڑے ہجوم کا بہتر انتظام کیا جاسکے۔