مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات کی صفائی کے لیے 13,500 اہلکار تعینات

ہزار سے زائد کوڑے دان، جدید مشینری اور فیلڈ سینٹرز کے ساتھ حجاج کرام کے استقبال کی تیاریاں مکمل

بدھ 4 جون 2025 14:43

مکہ مکرمہ اور مقدس مقامات کی صفائی کے لیے 13,500 اہلکار تعینات
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جون2025ء)حج سیزن 1446ھ کے مقدس موقع پر صفائی کے انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے مکہ مکرمہ سیکرٹریٹ نے مقدس مقامات کے مختلف علاقوں میں مختلف سائز کے تقریبا 88,000 کوڑے دان نصب کر دیے ہیں، جب کہ 1,235 سے زائد کمپریسر باکس، 113 زمینی اسٹورز، 9 بڑی کمپریسر گاڑیاں اور 4 عبوری اسٹیشنز بھی تیار کیے گئے ہیں۔

میڈیارپورٹس کے مطابق یہ تمام انتظامات حجاج کرام کے استقبال اور مقدس مقامات کی صفائی کے سلسلے میں کیے گئے ہیں تاکہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صفائی کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ اس مقصد کے لیے 13,500 سے زائد تربیت یافتہ اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جب کہ جدید مشینری اور آلات جیسے کمپریسر، خودکار جھاڑو مشینیں، ڈمپرز اور مختلف اقسام کے لوڈرز بھی فراہم کیے گئے ہیں، تاکہ رش والے علاقوں اور اوقات میں بھی صفائی کے کام آسانی سے انجام دیے جا سکیں۔

(جاری ہے)

مکہ مکرمہ سیکرٹریٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ کچرا دبانے والے برقی ڈبوں کے منصوبے سے صفائی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔ یہ جدید کچرہ دان رش والے مقامات پر آسانی سے استعمال ہو سکتے ہیں اور انہیں عام صفائی کی مشینری کے ذریعے باآسانی منتقل کیا جا سکتا ہے۔مزید یہ کہ مکہ سیکرٹریٹ نے اس امر پر زور دیا کہ تمام فیلڈ مراکز، مشینری اور افرادی قوت مکمل طور پر تیار ہے اور مقررہ منصوبوں کے مطابق کام جاری ہے تاکہ حجاج کرام کو صفائی، ماحولیاتی بہتری اور دیگر بلدیاتی خدمات کے حوالے سے اعلی معیار کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس کا مقصد ضیوف الرحمن کو آرام دہ اور پرسکون ماحول مہیا کرنا ہے۔