پشاور شہر سےغیر قانونی سائن بورڈز / بل بورڈز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

بدھ 4 جون 2025 16:23

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جون2025ء) صوبائی دارالحکومت پشاور کی انتظامیہ نے پشاور شہر کی خوبصورتی، شہریوں کی سلامتی اور ٹریفک روانی کےلیے غیر قانونی سائن بورڈز / بل بورڈز کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور سرمد سلیم اکرم کی زیر صدارت گزشتہ روز اجلاس منعقد ہوا جس میں پشاور میں نصب غیر قانونی سائن بورڈز اور بل بورڈز کے حوالے سے تفصیل بات چیت کی گئی۔

اجلاس میں کیپیٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ، تمام ٹی ایم ایز اور پی ڈی اے کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر پشاور نے واضح ہدایات جاری کیں کہ شہر بھر میں موجود غیر قانونی سائن بورڈز اور بل بورڈز کو فوری طور پر ہٹایا جائے۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ باہمی اشتراک سے ایک منظم حکمت عملی کے تحت کارروائی کریں تاکہ پشاور شہر کی خوبصورتی، شہریوں کی سلامتی اور ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر پشاورنے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی اور ناقص معیار کے سائن بورڈز شہریوں کی زندگیوں کےلیے خطرہ بن چکے ہیں۔ ماضی میں ایسے بورڈز گرنے سے ٹریفک حادثات اور املاک کو نقصان پہنچ چکا ہے اور یہ بورڈز بارش، تیز ہواؤں یا زلزلے کی صورت میں مہلک حادثات کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ کسی بھی سائن بورڈ کی تنصیب کے لیے متعلقہ اداروں سے پیشگی منظوری لازمی ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ عوامی آگاہی کےلیے خصوصی مہم چلائی جائے گی تاکہ شہری خود بھی غیر قانونی سائن بورڈز کے خلاف ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں،پشاور کی خوبصورتی، حفاظت اور نظم و ضبط ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔