چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی و قوفہ عرفہ کے باسعادت موقع پر مناسک حج کا اہم رکن ادا کرنے پر تمام حجاج کرام اور امت مسلمہ کو خصوصی مبارکباد

جمعرات 5 جون 2025 13:26

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی  کی  و قوفہ عرفہ کے باسعادت موقع پر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے و قوفہ عرفہ کے باسعادت موقع پر مناسک حج کا اہم رکن ادا کرنے پر تمام حجاج کرام اور امت مسلمہ کو خصوصی مبارکباد دی ہے۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ اس بابرکت دِن ہر مسلمان عہد کرتاہے کہ ذات باری تعالیٰ کے احکام کی بجا آوری کےلئے وہ ہر قربانی دینے کو تیار ہے،قربانی کا جذبہ اس عہد کی بھی تائید ہے جس کا حضرت ابراہیم ؑ نے اعلان کیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ حج اسلام کا اہم ترین رکن ہے اورہمیں چاہیے کہ قرآن و سنت کا امن، اخوت اور بھائی چارے کا پیغام انسانیت میں عام کریں، امت مسلمہ کو اس وقت سب سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حج ہمیں مساوات ، اتحاد اور اخوت کا درس دیتا ہے،دنیا بھر سے آنے والے لاکھوں مسلمان، رنگ نسل، زبان اور قومیت سے بالا تر ہو کر ایک لباس میں ، ایک رب کے حضور ، ایک ہی انداز میں سجدہ زیر ہوتے ہیں،یہ منظر اسلامی امت کے وحدتِ ملی اور روحانی یکجہتی کی بہترین مثال ہے ۔

سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ان تمام خوش نصیب حجاجِ کرام کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتاہوں جنہیں اس سال بیت اللہ کی زیارت اور مناسکِ حج ادا کرنے کا شرف حاصل ہو رہا ہے،یہ ان کی زندگی کا سب سے بابرکت اور روح پرور لمحہ ہے ۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی عبادات، دعائوں اور قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور حجاج کرام اپنے دلوں میں سکون، برکت اور تقویٰ کا سرمایہ لے کر وطن واپس آئیں، ان کی حاضری ، نہ صر ف ان کے لیے بلکہ پورے ملک اور اُمت مسلمہ کےلئے خیروبرکت کا ذریعہ بنے ۔