فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کی مینز سنگلز سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی

جمعرات 5 جون 2025 15:00

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی ہے۔ اٹلی کے نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر ،سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور 24گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ ،ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اور اٹلی کے ٹینس کھلاڑی لورینزو موسیٹی اپنی کامیابیوں کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل رائونڈ میں پہنچ گئے۔

تفصیلات کے مطابق مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میں اٹلی کے نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے قازقستان کے حریف ٹینس کھلاڑی الیگزینڈرببلک کو شکست دے کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کیا جبکہ ایک اور کوارٹر فائنل میچ میں سربیا کے بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور 24گرینڈ سلام ٹائٹلز کے فاتح نوویک جوکووچ نے جرمنی کے الیگزینڈرزویروف کو شکست دے کر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز اور اٹلی کے ٹینس کھلاڑی لورینزو موسیٹی نے بھی اے ٹی پی فرنچ اوپن ٹینس میں مینز سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل رائونڈ میچ میں ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے امریکا کے ٹینس سٹار ٹومی پال کو اور اٹلی کے ٹینس کھلاڑی لورینزو موسیٹی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی حریف ٹینس کھلاڑی فرانسس تیافو جونیئر کو شکست دے کر سیمی فائنل رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔