بی جے پی ، آر ایس ایس کی تاریخ بزدلی کی رہی ہے، کانگریس

مودی نے قومی مفادات پر بار بار سمجھوتہ کیا ، پون کھیڑا

جمعرات 5 جون 2025 17:44

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء) انڈین نیشنل کانگریس نے کہا ہے کہ یہ سوچنا غلط ہے کہ نریندر مودی انڈیا ہے اور انڈیا نریندر مودی ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی اور آ ر ایس ایس کی تاریخ بزدلی کی رہی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کانگریس کے میڈیا انچارچ پون کھیڑا نے پارٹی ہنڈ کوارٹرز میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے قومی مفادات پر بار بار سمجھوتہ کیا ہے ، بی جے پی والے گیارہ برس سے اپنے ہیرو کی فلم مقدر کا سکندر بنا رہے تھے لیکن جب یہ فلم مکمل ہوئی تو وہ نریندر مودی کا سرینڈر نکلی، اصل میں بہادری کا کوئی انجکشن نہیں ہوتا بلکہ یہ کسی شخص کے کردار سے وجود میں آتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ ملک کی باگ ڈور جب ایسے لوگوں کے ہاتھوں میں آجاتی ہے تو وطن کا مستقبل خطرے میں پڑجاتا ہے جسکا اس وقت مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ کھیڑا نے مزید کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس والوں کو ملک کی آزادی کے وقت سے سرینڈر خطوط لکھنے کی عادت ہے ، مودی نے ٹرمپ کے فون کے آگے سرینڈر کیا ، وزیر اعظم مودی نے ٹرمپ کی باتوں کا اب تک کوئی جواب نہیں دیا اور وہ جواب دیں گے بھی نہیں کیونکہ انکا نام مودی اور کام سرینڈر ہے۔