کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں سینیٹ، سنڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل کیلئے فیکلٹی انتخابات مکمل ،16 اراکین منتخب

جمعرات 5 جون 2025 22:28

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جون2025ء)کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں سینیٹ، سنڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل کے لئے فیکلٹی کے انتخابات پرامن اور منظم اندازمیں مکمل ہوگئے جہاںمجموعی طورپر16 اراکین کا انتخاب کیا گیا جن میں فیکلٹی کے 4 اراکین بلامقابلہ کامیاب قرارپائے۔ منتخب اراکین اگلے تین سال مئی2028 کے لئے اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔

یونیورسٹی رجسٹرار اور الیکشن اتھارٹی کی جانب سے فیکلٹی ممبران کاباضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق سینیٹ کے لیی4 اساتذہ کا انتخاب عمل میں آیا جن میں پروفیسر ڈاکٹر دلاور خان (شعبہ اکنامکس)، ڈاکٹر محمد عدنان (شعبہ باٹنی) بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر، ڈاکٹر عالم خان (شعبہ اکنامکس) بطور اسسٹنٹ پروفیسر، اور ڈاکٹر سید مدثر عباس (انسٹیٹیوٹ آف بزنس اسٹڈیز) بطور لیکچرار شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عالم خان اور ڈاکٹرمدثر عباس بلامقابلہ منتخب ہوئے۔سنڈیکیٹ میں پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیر الدین (انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ)، ڈاکٹر نعیم خان (شعبہ کیمسٹری) ایسوسی ایٹ پروفیسر، ڈاکٹر فرمان اللہ (شعبہ فارمیسی) اسسٹنٹ پروفیسراور الیاس احمد (انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس) لیکچرر کامیاب قرار پائے۔اسی طرح اکیڈمک کونسل کے لیے ڈاکٹر حمیرہ منظور (انسٹیٹیوٹ آف بزنس اسٹڈیز) اور ڈاکٹر محمد شفیق (انسٹیٹیوٹ آف نیومیریکل سائنس) بطور ایسوسی ایٹ پروفیسرز بلامقابلہ منتخب ہوئے ۔

اسسٹنٹ پروفیسرز میں ڈاکٹر غزالہ نواز (شعبہ باٹنی) اور ڈاکٹر سید حبیب شاہ (انسٹیٹیوٹ آف نیومیریکل سائنس) شامل ہیں جب کہ لیکچرار کی نشستوں پر محمد رؤف (شعبہ زوالوجی) اور محمد عدنان (انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنس) کامیاب قرار پائے۔ جامعہ کوہاٹ کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر سید ظفر الیاس نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ ادارہ جاتی ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔