عالمی میڈیا اور صحافتی تنظیموں کا غزہ میں رپورٹنگ کی اجازت دینے کا مطالبہ

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ میڈیا کو غزہ میں آزادانہ اور غیر محدود رسائی دی جائے،غیرملکی میڈیا

جمعہ 6 جون 2025 14:45

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء) بین الاقوامی میڈیا اداروں اور آزادی صحافت کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ صحافیوں کو غزہ میں داخلے اور رپورٹنگ کی مکمل اجازت دی جائے۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق معروف تنظیموں رپورٹرز ود آئوٹ بارڈرز اور کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس سمیت دیگر عالمی اداروں نے ایک کھلے خط میں کہا ہے کہ 20 ماہ سے اسرائیل نے میڈیا کو غزہ میں جانے سے روکا ہوا ہے، جو ایک تاریخی پابندی ہے۔

(جاری ہے)

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ میڈیا کو غزہ میں آزادانہ اور غیر محدود رسائی دی جائے تاکہ وہاں کی اصل صورتِ حال دنیا کے سامنے لائی جا سکے۔خط میں ان صحافیوں کی حفاظت یقینی بنانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے جو غزہ کے اندر محاصرے میں رہ کر رپورٹنگ کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اب تک تقریبا 200 صحافی اسرائیلی حملوں میں شہید ہو چکے ہیں جبکہ کئی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ خط میں ان اقدامات کو اظہار رائے کی آزادی اور معلومات تک رسائی پر براہ راست حملہ قرار دیا گیا۔عالمی صحافتی اداروں نے اپیل کی ہے کہ عالمی لیڈرز، حکومتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں فوری ایکشن لیں اور صحافیوں اور عام شہریوں کی جانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔