عید الاضحی پر صفائی انتظامات کو چیلنج سمجھ کر نمٹیں گے‘ وزیر بلدیات

وزیراعلی مریم نواز کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لئے اس بار گزشتہ سال سے بڑھ کر کام کیا جائے گا افسران باقاعدگی سے سیل پوائنٹس کے دورے کریں تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے‘ ذیشان رفیق

جمعہ 6 جون 2025 17:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ عید الاضحی پر صفائی انتظامات کو چیلنج سمجھ کر نبرد آزما ہوں گے، وزیراعلی مریم نواز شریف کے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لئے اس بار گزشتہ سال سے بڑھ کر کام کیا جائے گا۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں عید صفائی پلان اور قربانی کے جانوروں کے سیل پوائنٹس میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

سپیشل سیکرٹری لوکل گورنمنٹ آسیہ گل، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے جبکہ پنجاب بھر کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز اور میونسپل چیف افسروں نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ پنجاب کیٹل مارکیٹنگ، مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی (پی سی ایم ایم ڈی سی) کے سی ای او تاثیر احمد اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز نے اجلاس کو انتظامات پر پریذینٹیشن دی۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز نے عید الاضحی کیلئے موثر پلان بنانے کا حکم دیا ہے۔ لاہور میں شاہ پور کانجراں ماڈل منڈی کے علاوہ 5 سیل پوائنٹ کام کر رہے ہیں۔ یہ پوائنٹ سپورٹس کمپلیکس، سگیاں، برکی روڈ، ایل ڈی اے سٹی، حویلی مرکز رائیونڈ میں بنائے گئے ہیں۔ صوبے کے باقی علاقوں میں پی سی ایم ایم ڈی سی کی 28 منڈیوں کو سیل پوائنٹ قرار دیا گیا ہے۔

ان کے علاوہ 180 سیل پوائنٹس محکمہ بلدیات نے قائم کئے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ 84 کیٹل مارکیٹس ہفتہ وار اپنے مقررہ ایام پر فعال ہوتی ہیں۔ صوبائی وزیر نے لاہور میں غیر قانونی سیل پوائنٹس کیخلاف کارروائی پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے ہدایت کی کہ دیگر شہروں میں بھی نجی سیل پوائنٹس کے خلاف کارروائی کی جائے۔ سڑکوں پر بالخصوص شام کو قربانی کے جانوروں کی خریدوفروخت روکی جائے گی۔

انہوں نے یہ ہدایت بھی کی کہ متعلقہ افسران باقاعدگی کے ساتھ کیٹل سیل پوائنٹس کے دورے کریں تاکہ خریداروں اور بیوپاریوں کو مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ لائیو سٹاک، میونسپل اداروں اور ضلع انتظامیہ کیبافسران مربوط انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابھی تک کسی سیل پوائنٹ پر مویشیوں کی بیماری یا ڈینگی کی شکایت نہیں ملی۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ الائشیں محفوظ انداز میں ٹھکانے لگانے کے لئے ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ماحول دوست ویسٹ بیگ تقسیم کرے گی۔

صوبہ بھر میں ایک کروڑ 16 لاکھ 98 ہزار ویسٹ بیگ تقسیم کئے جائیں گے۔ عید کے تینوں ایام کے دوران 3 لاکھ 60 ہزار 657 ٹن ویسٹ جمع ہونے کا تخمینہ ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت اس وقت ایک لاکھ 24 ہزار 672 ایچ آر موجود ہے تاہم عید کے لئے عارضی طور پر 15 ہزار 204 اضافی بھرتی بھی کی گئی ہے۔ اس وقت پنجاب میں دستیاب آلات کی تعداد 2 لاکھ 9 ہزار 638 ہے جبکہ اضافی طور پر عید کے لئے ایک لاکھ 25 ہزار 794 آلات و مشینری کا انتظام ہوگا۔

ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب میں 3870 پرائمری کولیکشن سینٹر اور 4262 یو سی کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔ صوبہ بھر میں 1661 اجتماعی قربان گاہیں بنائی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مقامی منتخب نمائندوں کو بھی آگاہی مہم کے لئے اعتماد میں لیا جائے۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر تمام سرگرمیوں کی تفصیل فراہم کی جائے۔ میڈیا نمائندوں کو تمام انتظامات پر اپ ڈیٹ رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہر شہر اور یونین کونسل میں آگاہی کیمپ فعال کر دیے گئے ہیں جہاں عملہ موجود رہے گا۔ ہر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنے کنٹرول روم سے صفائی آپریشن کی نگرانی کرے گی۔ وزیر بلدیات نے میونسپل کمیٹیوں کے دفاتر میں بھی کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور میں مرکزی کنٹرول روم مجموعی نگرانی کرے گا۔ صفائی کیلئے چونا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ سڑکوں کی صفائی کے لئے عید کے بعد فینائل یا عرق گلاب کا سپرے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کے لئے 28 لاکھ 32 ہزار 734 کلوگرام چونے کا استعمال کیا جائے گا۔ وزیر بلدیات نے خبردار کیا کہ صفائی پلان میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں، زیرو ٹالرنس ہوگا۔ ہر سرگرمی کے تصویری شواہد مرکزی کنٹرول روم کو بھیجے جائیں۔