وفاقی دارالحکومت میں عید کے پرامن اور محفوظ انعقاد کے لیے پولیس و انتظامیہ کے بھرپور انتظامات

جمعہ 6 جون 2025 21:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)وفاقی دارالحکومت میں عید کے پرامن اور محفوظ انعقاد کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے بھرپور انتظامات کیے ہیں۔ ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق نے نماز جمعہ کے موقع پر فیصل مسجد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف ٹریفک آفیسر کیپٹن ریٹائرڈ ذیشان حیدر اور ایس ایس پی آپریشنز محمد شعیب خان کے ہمراہ سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔

نماز جمعہ کے دوران تین سو سے زائد پولیس افسران شہریوں کی حفاظت اور امن و امان برقرار رکھنے میں مصروف عمل ہیں۔ ڈی آئی جی نے الرٹ ڈیوٹی سرانجام دینے والے افسران کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پولیس ہر وقت شہریوں کی حفاظت کے لیے تیار ہے اور شہریوں کی ہر کال پر فوری ریسپانس ہمارا بنیادی فرض ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نماز جمعہ کے دوران تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور کسی بھی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اسی دوران چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے سیف سٹی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جوائنٹ آپریشنز کنٹرول روم کا معائنہ کیا اور عید سکیورٹی پلان، مارکیٹوں کی ڈیوٹی اور پٹرولنگ پلان کا جائزہ لیا۔اجلاس میں تینوں اداروں یعنی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور کیپٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے درمیان موثر تعاون کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

فیصل مسجد اور شہر کے دیگر اہم مقامات پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ضلع بھر کے تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور مربوط کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے گا۔سیف سٹی کے ذریعے شہر میں صفائی کے مسائل کی فوری اطلاع سی ڈی اے ٹیموں کو دی جائے گی جبکہ پولیس، سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں شہر میں گشت کریں گی تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی قسم کی آلودگی یا ہنگامی صورت حال کی اطلاع فوری طور پر سی ڈی اے کے نمبر 1334 اور پولیس کے نمبر 15 پر دیں۔