مویشی منڈیوں میں مہنگائی کے باعث خریداروں کی دلچسپی کم، شہری اجتماعی قربانی کی طرف راغب

جمعہ 6 جون 2025 20:50

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) عیدالاضحیٰ کی آمد کے ساتھ ہی حیدرآباد میں بلدیہ کی جانب سے تین مقامات پر مویشی منڈیاں قائم کی گئیں جب کہ مختلف ٹاؤنز میں ٹاؤن چیئرمینوں نے اپنی سطح پر بھی چھوٹی بڑی منڈیاں لگائیں۔ شہر کی مرکزی اور سب سے بڑی مویشی منڈی ہالا ناکہ پر قائم کی گئی جب کہ شہر کے مختلف چوراہوں، گلیوں اور شاہراہوں پر بھی قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔

تاہم مویشی منڈیوں میں اس سال خریداروں کا جوش و خروش ماضی کی نسبت خاصا کم دیکھنے میں آیا، جس کی بنیادی وجوہات میں قربانی کے جانوروں کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتیں ہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے انفرادی قربانی کے بجائے اجتماعی قربانی کو ترجیح دی کیونکہ اس میں کم آمدنی والے افراد کے لیے قربانی کا حصہ لینا نسبتاً آسان اور سستا رہا۔

(جاری ہے)

کنٹونمنٹ کے جی ٹی سی گراؤنڈ میں لگائی گئی مویشی منڈی میں 20-20 من کے بچھڑوں کی جوڑی کے لیے 70 لاکھ روپے طلب کیے جا رہے تھے۔

دوسری جانب لطیف آباد یونٹ نمبر 10 کے بسم اللہ سٹی میں لگے باڑوں میں بھی فینسی اور نسل دار جانور دیکھنے کو ملے جن کی قیمتیں 8 سے 20 لاکھ روپے تک پہنچ گئیں۔ مہنگے جانوروں کے علاوہ ان کی خوراک اور چارے کی قیمتوں میں بھی بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ بگدے، چھرے، مڈی، چھبڑی اور چٹائی جیسے قربانی سے متعلقہ سامان کی قیمتیں بھی عام شہری کی پہنچ سے باہر ہو گئیں ۔ بعض مقامات پر عوامی سطح پر یہ مطالبہ بھی سامنے آیا کہ انتظامیہ جانوروں کی قیمتوں اور سہولیات پر کنٹرول کے لیے مؤثر اقدامات کرے تاکہ آئندہ برسوں میں شہری بہتر انداز میں اپنی مذہبی ذمہ داریاں نبھا سکیں۔