Live Updates

چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے عید الضحیٰ کی نماز فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی

ہفتہ 7 جون 2025 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے عید الضحیٰ کی نماز فیصل مسجد اسلام آباد میں ادا کی اس موقع پر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ عید کی نماز کی ادائیگی کے بعد چیرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر اسلام آباد میں قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے صفائی کا آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کا مرکزی جوائنٹ آپریشنز کنٹرول روم بھی شکایات کے ازالے کے لئے فعال کر دیا گیا ہے۔ ترجمان سی ڈی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ جوائنٹ آپریشنز کنٹرول روم اسلام آباد سیف سٹی میں قائم کیا گیا ہے، عید کے موقع پر فول پروف سکیورٹی کے انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ اور شہر بھر میں آلائشوں کی صفائی و ستھرائی کے حوالے سے آپریشنز کی نگرانی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ چیئرمین سی ڈی اے وچیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر عید الضحٰی کے موقع پر اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں دو لاکھ بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگ تقسیم کئے گئے ہیں تاکہ شہری قربانی کے جانوروں کی آلائشیں ان میں ڈالیں جہاں سی ڈی اے سینیٹشن کا عملہ فوری طور پر اٹھانے آلائیش اٹھانے کے لیے پوری مستعدی سے کام کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ ڈرون کے زریعے مانیٹرنگ اور عرق گلاب کا سپرے کرنے کے ساتھ ساتھ فنائل کا سپرے متاثرہ جگہوں پر کیا جائے گا تاکہ صفائی کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا سکیں۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر اسلام آباد شہر کو پانچ مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکیں۔زون ون میں ایف فائیو، ایف سکس، بلیو ایریا اور سیدپور شامل ہیں،زون ٹو میں فیصل مسجد، ای سیون، ایف سیون، ایف ایٹ اور جی ایٹ شامل ہیں، زون تھری میں ایف ٹین، ایف الیون، گولڑہ شریف، جی نائن، جی ٹین، جی الیون وغیرہ شامل ہیں جبکہزون فور میں ایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون، آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون وغیرہ شامل ہیں اور زون فائیو میں ہائی وے، ماڈل ویلج ہمک، شہزاد ٹاؤن، راول ٹاؤن، مارگلہ ٹاؤن وغیرہ شامل ہیں۔

سی ڈی اے کے 2500 سے زائد خاکروب، سپر وائزری سٹاف اور افسران ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی پر ہیں تاکہ شہر کو صاف رکھا جا سکے۔عید الضحی کے موقع پر 250 سے زائد گاڑیاں، ٹریکٹر ٹرالیاں، گاربیج کمپیکٹر، لفٹر، ٹرک ڈمپر، فرنٹ لوڈر، شاول اور ڈوزر وغیرہ بھی اس مہم میں شامل ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی تھیں۔

سی ڈی اے کی جانب سےقربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 55 مختلف مقامات پر 107 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں، تمام گڑھے حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کھودے گئے ہیں تاکہ بائیو ڈیگریڈ ایبل بیگ کے زریعے قربان شدہ جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کیا جا سکے۔ انتظامیہ کی جانب سےاسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ قربانی کے جانور جگہ جگہ ذبح کرنے سے گریز کریں اور اجتماعی قربان گاہ کو ترجیح دیں،اوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں نہ پھینکیں اور کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں و اسکپوں میں ہرگز نہ ڈالیں،شہریوں کے عدم تعاون کی صورت میں شہر میں تعفن اور مہلک بیماریاں پھیل سکتی ہیں، خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں جن میں بری امام، بنی گالہ، سوہاں، کھنہ، کرال، ترلائی، علی پور، لہتراڑ روڈ، بہارہ کہو، جھنگی سیداں، ترنول، سنگجانی، سرائے خربوزہ، شاہ اللہ دتہ وغیرہ میں متعلقہ یونین کونسل کے ذریعے صفائی کی سہولیات فراہم کی گئیں۔ عید کے موقع پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ تمام پرائیویٹ و کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائیٹیوں کی مینجمنٹ کمیٹیوں سے رابطے میں رہیں،عید الضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے دو ایمرجنسی سیل قائم کئے گئے ہیں، جو سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فائر ہیڈ کوارٹرز، جی سیون فور میں دن رات کام کریں گے۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر شہریوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کردئیے گئے ہیں، شہری صفائی کے حوالے سے یا اْوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کیلئے شہری سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334 یا 9213908 اور ٹیلی فون 9203216، 9211555, پر رابطہ کر سکتے ہیں،شہری واٹس ایپ پیغام (What's App Message) یا ایس ایم ایس(SMS) کے ذریعے نمبر 03355001213 پر اپنے پیغامات بھیج سکتے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا، شہریوں کے بھرپور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے ہی ادارہ مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتا ہے، بروقت صفائی سے شہر کو تعفن و بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جانوروں کی آلائشیں اور اوجھڑیاں وغیرہ مختص جگہوں پر ہی تلف کریں۔صفائی ایکشن پلان عیدالاضحی کے دوسرے اور تیسرے دن بھی جاری رہے گا۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات