Live Updates

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصی صفائی آپریشن جاری

ہفتہ 7 جون 2025 13:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر خصوصی صفائی آپریشن پوری تندہی اور جانفشانی سے جاری ہے۔ اس آپریشن کے تحت قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اور محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ترجمان کنٹونمنٹ بورڈ کے مطابق اب تک 210 ٹن سے زائد آلائشیں مختلف علاقوں سے اکٹھی کر کے ٹرانسفر اسٹیشن منتقل کی جا چکی ہیں۔

عید کے پہلے روز اب تک 27 سے زائد شکایات کنٹرول روم کو موصول ہوئی ہیں جن میں سے 16 شکایات کا فوری حل کر دیا گیا ہے جبکہ باقی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ناصر کمال کے مطابق کنٹرول روم مکمل طور پر فعال ہے جہاں موصول ہونے والی شکایات کا 30 منٹ کے اندر ازالہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صفائی آپریشن کی مانیٹرنگ کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران نے کنٹرول روم اور مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

ناصر کمال نے بتایا کہ 10 وارڈز کو مزید مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ کام کو مؤثر طریقے سے انجام دیا جا سکے۔ 110 ہیوی گاڑیاں آلائشیں اٹھانے کے لیے مختص کی گئی ہیں۔ 700 سے زائد صفائی ورکرز فیلڈ میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ قربان گاہوں، گلیوں اور شاہراہوں پر چونے کا چھڑکاؤ اور مکمل صفائی جاری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آلائشوں کو گھروں کے اندر یا گلیوں میں نہ پھینکیں بلکہ مختص کردہ پوائنٹس پر رکھیں تاکہ صفائی عملہ انہیں فوری طور پر اٹھا سکے۔ ڈپٹی سی ای او نے یقین دہانی کروائی کہ صفائی آپریشن تینوں دن جاری رہے گا۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :