Live Updates

عیدالاضحٰی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے خصوصی صفائی آپریشن جاری ہے،سی ڈی اے حکام

ہفتہ 7 جون 2025 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر عیدالاضحٰی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے خصوصی صفائی آپریشن تیزی سے جاری ہے، شہریوں کی جانب سے اس خصوصی صفائی آپریشن کی خوب پزیرائی ملی ہے۔سی ڈی اے حکام کے مطابق قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے یہ آپریشن بیک وقت پورے اسلام آباد کے تمام سیکٹرز اور دیہی علاقوں میں جاری ہے، عیدالاضحٰی کے موقع پر اسلام آباد کے شہریوں کی جانب سے اس خصوصی صفائی کو نہ صرف سراہا جارہا ہے بلکہ خوب پزیرائی بھی مل رہی ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر ڈرون کیمروں کے زریعےمانیٹرنگ اور متاثرہ جگہوں کی فوری صفائی کے ساتھ عرق گلاب اور چونے کا سپرے کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر اسلام آباد شہر کے پانچ مختلف زونز میں یہ آپریشن جاری ہے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔زون ون میں ایف فائیو، ایف سکس، بلیو ایریا اور سیدپور کے علاقوں میں تیزی سے آلائشوں کو دور کیا جا رہا ہے، زون ٹو میں فیصل مسجد، ای سیون، ایف سیون، ایف ایٹ اور جی ایٹ میں بھی صفائی آپریشن جاری ہے۔

زون تھری میں ایف ٹین، ایف الیون، گولڑہ شریف، جی نائن، جی ٹین، جی الیون میں شامل ایریاز میں بھی سی ڈی اے کا سینی ٹیشن سٹاف صفائی آپریشن میں مصروف عمل ہے۔ زون فور میں ایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون، آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون وغیرہ میں مستعدی سے صفائی آپریشن جاری ہے۔ زون فائیو میں ہائی وے، ماڈل ویلج ہمک، شہزاد ٹاؤن، راول ٹاؤن، مارگلہ ٹاؤن وغیرہ میں آلائشوں کو تلف کیا جا رہا ہے۔

ہر زون کو چیف سینٹری انسپکٹر سپروائز کررہا ہے جبکہ سیکٹرز میں سینٹری انسپکٹر اور سپروائزر اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، 2500 سے زائد عملہ خاکروب، سپر وائزری سٹاف اور افسران ہنگامی بنیادوں پر ڈیوٹی کرکے شہر کو صاف ستھرا رکھنے میں اپنے فرائض منصبی سر انجام دے رہا ہے۔ عید الضحی کے موقع پر 250 سے زائد گاڑیاں، ٹریکٹر ٹرالیاں، گاربیج کمپیکٹر، اسکپ لفٹر، ٹرک ڈمپر، فرنٹ لوڈر، شاول اور ڈوزر وغیرہ بھی اس خصوصی مہم کا حصہ ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر متعلقہ عملے کی چھٹیاں اس سے قبل منسوخ کردی گئی ہیں۔ قربانی کے جانوروں کی اوجھڑیاں اور دیگر آلائشوں کو تلف کرنے کیلئے 55 مختلف مقامات پر 107 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں، تمام گڑھے حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کھودے گئے ہیں،چیئرمین سی ڈی اے وچیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایت پر عید الضحٰی کے موقع پر اسلام آباد کے شہری اور دیہی علاقوں میں بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگ بھی تقسیم کئے گئے تھےتاکہ شہری قربان شدہ جانوروں کی آلائشوں کو محفوظ طریقے سے تلف کرسکیں۔

اس موقع پر اسلام آباد کے شہریوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ قربانی کے جانور جگہ جگہ ذبح کرنے سے گریز کریں اور اجتماعی قربان گاہ کو ترجیح دیں۔ قربانی کے جانور کی اْوجھڑیاں اور دیگر آلائشیں گھر کے قریب رکھیں تاکہ سی ڈی اے کا عملہ ان کو فوری طور پر اْٹھا کر لے جائے۔اوجھڑیاں نالوں، جنگلوں وغیرہ میں ہرگز نہ پھینکیں اور نہ ہی کوڑے دانوں اور گاربیج ٹرالیوں و اسکپوں میں ڈالیں،شہریوں کے عدم تعاون کی صورت میں شہر میں تعفن اور مہلک بیماریاں پھیل سکتی ہیں۔

خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر اسلام آباد کے دیہی علاقوں جن میں بری امام، بنی گالہ، سوہاں، کھنہ، کرال، ترلائی، علی پور، لہتراڑ روڈ، بہارہ کہو، جھنگی سیداں، ترنول، سنگجانی، سرائے خربوزہ، شاہ اللہ دتہ وغیرہ میں متعلقہ یونین کونسل کے ذریعے صفائی اپریشن جاری ہے ،چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر تمام یونین کونسلز بھی صفائی ستھرائی کے اپریشن میں حصہ لے رہے ہیں ، اس موقع پر تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات جاری کی گیئں کہ وہ تمام پرائیویٹ و کوآپریٹیو ہاوسنگ سوسائیٹیوں کی مینجمنٹ کمیٹیوں سے رابطے میں رہیں۔

عید الضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کیلئے دو ایمرجنسی سیل قائم کئے گئے ہیں، جو سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے مرکزی دفتر واقع جی سکس ون فور اور ٹرانسپورٹ سیکشن واقع فائر ہیڈ کوارٹرز، جی سیون فور میں چوبیس گھنٹے کام کررہے ہیں ،چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر شہریوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی طور پر ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کئے گئے ہیں۔

شہری صفائی کے حوالے سے یا اْوجھڑیاں وغیرہ اٹھوانے کیلئے شہری سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334 یا 9213908 اور ٹیلی فون 9203216، 9211555, پر رابطہ کرسکتے ہیں۔شہری واٹس ایپ پیغام (What's App Message) یا ایس ایم ایس(SMS) کے ذریعے نمبر 03355001213 پر اپنے پیغامات بھیج سکتے ہیں ،چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر موصول ہونے والی شکایات کے بروقت اور فوری ازالے کو ممکن بنایا جارہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کے بھرپور تعاون اور دی گئی ہدایات پر عملدرآمد سے ہی ادارہ مطلوبہ نتائج حاصل کر سکتا ہے بروقت صفائی سے شہر کو تعفن و بیماریوں سے بچایا جاسکتا ہے، جانوروں کی آلائشیں اور اوجھڑیاں وغیرہ مختص جگہوں پر ہی تلف کریں، صفائی ایکشن پلان عیدالاضحی کے دوسرے اور تیسرے دن بھی جاری رہے گا۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات