جامشورو کے المنظر پل پر افسوسناک حادثہ، دو نوجوان ڈوب کر جاں بحق، 2 کو بچالیا گیا

پیر 9 جون 2025 11:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) جامشورو میں المنظر پل کے 4 نوجوان دریائے سندھ میں ڈوب گئے۔ ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کے باوجود دو نوجوان جان کی بازی ہار گئے جبکہ دو کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق، چاروں نوجوان تفریح کی غرض سے المنظر پل کے قریب آئے تھے اور نہاتے ہوئے پانی کی گہرائی یا تیز بہاؤ کے باعث حادثے کا شکار ہو گئے۔

اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے دو نوجوانوں کو زندہ نکال لیا، جب کہ دو کو بے ہوشی کی حالت میں نکالا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔ جاںبحق ہونے والے نوجوانوں کی شناخت علی حیدر ولد شبیر عمر 14 سال اور مدثر ولد سعید عمر 20 سال کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں نوجوانوں کا تعلق حیدرآباد کے علاقے ہالی روڈ سے بتایا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو 1122 نے دونوں کی لاشیں نکال کر سول اسپتال حیدرآباد منتقل کر دی ہیں، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔ عینی شاہدین کے مطابق، اس مقام پر حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کی وجہ سے اس قسم کے واقعات آئے روز پیش آتے ہیں۔ مقامی شہریوں اور سماجی حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ تفریحی مقامات پر حفاظتی اقدامات یقینی بنائے جائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :