سعودی محکمہ پاسپورٹ نے حجاج کی واپسی کی تیاریاں مکمل کرلیں

پیر 9 جون 2025 11:30

سعودی محکمہ پاسپورٹ نے حجاج کی واپسی کی تیاریاں مکمل کرلیں
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) سعودی عرب کے محکمہ پاسپورٹ نے حجاج کی واپسی کی تیاریاں مکمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نےکہا ہے کہ حجاج کی واپسی کے مرحلے پرعمل درآمد اور روانگی کو آسان بنانے کے لیے انسانی صلاحیتوں اور ٹیکنالوجی کو جدید سکیورٹی سسٹمز کی مدد سے استعمال کیا ہے۔ تمام زمینی، فضائی اور بحری پورٹس پر حجاج کی روانگی کو آسان بنانے کے طریقہ کار کو حتمی شکل دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ رواں سال 16 لاکھ 73 ہزار 230 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔ بیرون مملکت سے 15 لاکھ 6 ہزار 576 حجاج سعودی عرب آئے جبکہ داخلی حجاج کی تعداد ایک لاکھ 66 ہزار 654 رہی ہے۔ اندرون اور بیرورن ملک سے آنے والے حجاج میں مردوں کی تعداد 8 لاکھ 77 ہزار 841 جبکہ خواتین کی تعداد 7 لاکھ 95 ہزار 389 تھی۔ بیرون مملکت سے آنے والوں میں فضائی راستے سے 14 لاکھ 35 ہزار 17 ، بری راستے سے 66 ہزار 465 جبکہ بحری راستے سے 5 ہزار 94 حجاج سعودی عرب پہنچے۔ سعودی وژن 2030 کے تحت روٹ ٹو مکہ پروگرام سے حج 2025 کے لیے آٹھ ملکوں کے 12 ایئرپورٹس پر تین لاکھ 14 ہزار 337 عازمین حج مستفید ہوئے ہیں۔