عوامی شکایات پر ہول سیلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے، سیکرٹری پرائس کنٹرول

پیر 9 جون 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول روم فعال طور پر کام کر رہا ہے، عوامی شکایات پر ہول سیلرز کے خلاف سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنٹرول روم کا دورہ کرتے ہوئے افسران سے خطاب میں کیا۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ کنٹرول روم اشیا کی قیمتوں اور فوڈ سیفٹی سے متعلق 24گھنٹے شکایات کا اندراج کر رہا ہے۔ گزشتہ 24گھنٹوں میں 40سے زائد شکایات پر کارروائی کی گئی۔ صوبے بھر میں عید کے تینوں دنوں میں عوام کی سہولت کے لیے سبز مصالحے، آلو، پیاز اور ٹماٹر کا وافر ذخیرہ موجود تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ قیمتوں کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے تاجروں کے خلاف کارروائی میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ محکمہ کی انفورسمنٹ ٹیم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ چیک اینڈ بیلنس کو برقرار رکھا جا سکے اور قیمتوں کے کنٹرول کے ضوابط کی تعمیل کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مزید کہا کہ پنجاب بھر کے ماڈل بازاروں نے کنٹرول پرائس پر اشیا کی فراہمی کے لیے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

حکومت پنجاب اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو ریگولیٹ کرکے اپنے شہریوں کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ قیمتوں کو ریگولیٹ کرکے، حکومت کا مقصد معاشی استحکام کو فروغ دینا، متوسط طبقے کے گھرانوں کی حفاظت کرنا اور کم آمدنی والے خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیمتوں پر قابو پانے کے لیے حکومت کا عزم مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔