ًلاس اینجلس میں نیشنل گارڈز کی تعیناتی‘ گورنر کیلیفورنیا نے صدر ٹرمپ کا فیصلہ غیر قانونی قرار دے دیا

پیر 9 جون 2025 19:15

۸لاس اینجلس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جون2025ء)لاس اینجلس میں امیگریشن قوانین کیخلاف تارکین وطن کے تیسرے روز بھی مظاہرے جاری ہیں، احتجاج کو کنٹرول کرنے کیلئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے لاس اینجلس میں نیشنل گارڈ کی تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، جسے کیلفورنیا کے ڈیموکریٹک گورنرگیون نیوسم نے غیرقانونی فیصلہ قرار دیا ہے۔عالمی خبررساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق لاس اینجلس پولیس نے ایک پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ پولیس نے ہفتے اور اتوار کو مجموعی طور پر 39 مظاہرین کو حراست میں لیا ہے، نیشنل گارڈز کو اہم سرکاری عمارتوں کی حفاطت پر مامور کیا گیا ہے جبکہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان لاس اینجلس میں جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔

لاس ایجنلس کی پولیس نے مظاہروں کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ اور بوتلوں سمیت دیگر نقصان دہ اشیا سے حملے کیے۔

(جاری ہے)

لاس اینجلس کے مرکزی علاقے میں کچھ جگہوں پر سیلف ڈرائیونگ گاڑیوں کو آگ لگانے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، شہر میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے جہاں مظاہرین کو تمھیں شرم آنی چاہیے کے نعرے لگاتے سنا گیا جبکہ کچھ جگہوں پر مظاہرین نے پولیس پر حملے کیے ، اس دوران چند مظاہرین نے شہر کے مرکزی علاقے کو ملانے والی شاہراہ 101 فری وی کو بلاک کر دیا۔

مظاہروں میں شریک بیشتر مظاہرین کو میکسیکو کے جھنڈے اٹھائے دیکھا گیا جو ٹرمپ انتظامیہ کے تارکین وطن کیخلاف قوانین کی مخالفت کر رہے تھے۔کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوسم نے مقامی ٹی وی ایم ایس این بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ انھوں نے صدر ٹرمپ سے لاس ایجنلس میں 2 ہزار نیشنل گارڈز کی تعیناتی کے فیصلے کو واپس لینے کی درخواست کی ہے ساتھ ہی انھوں نے صدر ٹرمپ کے اس فیصلے کو غیرقانونی بھی قرار دیا۔

گیون نیوسم نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر لکھا کہ صدر ٹرمپ تشدد کو بڑھاوا دے رہے ہیں، بڑے پیمانے پر افراتفری پھیلانے، شہروں میں مسلح افواج کی تعیناتی اور مخالفین کو حراست میں لے رہے ہیں، یہ اقدامات کسی آمر کے ہو سکتے ہیں صدر کے نہیں۔دوسری جانب لاس اینجلس کے پولیس چیف جیم میکڈونلڈ نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ مظاہرین اب پولیس کے قابو سے باہر ہورہے ہیں، پولیس چیف جیم میکڈونلڈ سے جب نیشنل گارڈز کی تعیناتی کے حوالے سے پوچھا گیا کہ کیا انھیں لاس اینجلس میں نیشنل گارڈز کی ضرورت ہے جس پر پولیس چیف نے کہا ہم درست سمت میں جا رہے ہیں لیکن جب ہم ان پرتشدد مظاہروں کی طرف دیکھتے ہیں تو میں یہ سمجھتا ہوں کہ ہمیں دوبارہ سے منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر ٹرمپ نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر کہا کہ پولیس چیف جیم میکڈونلڈ کو یہ کرنا ہوگا، ان ٹھگوں کو یہاں سے بھاگنے نہیں دینا چاہیے، امریکا کو دوبارہ سے عظیم بنانا ہوگا۔