وزیراعلیٰ مریم نواز عید کے تینوں روزصوبہ بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں صفائی انتظامات کی خود مانیٹرنگ کرتی رہیں

پیر 9 جون 2025 20:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) وزیراعلیٰ مریم نوازکاستھرا پنجاب کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا۔ عید الاضحیٰ کے موقع پرمختصر وقت میں بہترین صفائی کا ریکارڈقائم ہو گیا،ہر چھوٹے بڑے شہر میں عوام بروقت صفائی دیکھ کر نہال ہوگئے اور وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کو سراہتے رہے۔ مریم نواز نے صفائی پر اطمینان کااظہار کیا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نوازعید کے تینوں روز صفائی انتظامات کی ذاتی طورپر بھرپور مانیٹرنگ میں مصروف رہیں ۔انہوں نے صوبہ بھر سے صفائی ستھرائی کے انتظامات پر مثبت ردعمل ملنے پر اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو شاباش دی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی خدمت کے معیار پر پورا اترنے پر تمام ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے افسران اور عملے کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں ، الحمدللہ عوام کی خدمت کی روایت کا ایک اور سنگ میل عبور ہوا۔

(جاری ہے)

ہر ڈویژن میں کمشنر، ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر او ر ہر تحصیل میں اسسٹنٹ کمشنر صفائی انتظامات کے لئے خود فیلڈ میں نکل آئے۔ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے گھر گھر جا کر چیکنگ کی اور عوام سے فیڈ بیک لیا ۔ پہلی مرتبہ پنجاب کے 10ریجن،41اضلاع اور146 تحصیلوں میں تاریخ کا سب سے بڑا کلین اپ آپریشن کیا گیا، پنجاب سیف سٹی اتھارٹی میں قائم مرکزی کنٹرول روم سے ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی گئی، پہلی مرتبہ کولیکشن پوائنٹ بنا کر ہر گھر کے باہر سے ڈسپوزیبل تھیلوں میں موجود آلائشیں اٹھانے کا انتظامات کیاگیا۔

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر پنجاب میں کلین اپ آپریشن عید کے تینوں روز جاری رہا۔ لاہور میں لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے تخمینے سے زائد یعنی 100فیصد سے زائد آلائشیں اکٹھی کر کے بروقت تلف کرنے کا بہترین انتظام کیا۔ رپورٹ کے مطابق عید کے پہلے روز ایک لاکھ11ہزار 121ٹن،دوسرے ایک لاکھ 12ہزار 161ٹن اور عید کے تیسرے روز 10ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھا کر تلف کی گئیں ۔

لاہور سے 71 ہزار 431 ٹن، بہاولپور سے 31 ہزار 228 ٹن، ڈی جی خان سے 14 ہزار 329 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں ۔ فیصل آباد سے 36 ہزار 267 ٹن، گجرانوالہ سے 21 ہزار 422، سیالکوٹ سے 13 ہزار 528، ملتان سے 29 ہزار 20 ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں ۔ راولپنڈی سے 22 ہزار 342، ساہیوال سے 15 ہزار 299 اور سرگودھا سے 25 ہزار 727 ٹن آلائشیں اور گندگی اٹھائی گئی ۔ سڑکیں، گلیاں اور راستے دھونے، فینائل اور عرق گلاب کا چھڑکاؤ بھی جاری رہا۔

ایک لاکھ 43 ہزار 429 لیٹر فینائل، 30 ہزار 563 لیٹر عرق گلاب استعمال ہوا، 29 لاکھ 87 ہزار 268 کلوگرام چونے کا چھڑکاؤ کیا گیا ۔ موصول ہونے والی 10 ہزار 681 شکایات میں سے 9 ہزار 901 شکایات حل کر دی گئیں ۔ پنجاب حکومت نے عید قربان پر ایک کروڑ 19 لاکھ 71 ہزار سے زائد مفت بیگز تقسیم کئے ۔ ایک ہزار 684 قربان گاہیں، 816 ڈمپ سائیٹس، 3970 یونین کونسل کیمپس لگائے گئے ۔