یمن میں "سیو دی چلڈرن" کے 40 لاکھ مالیت کے اثاثے ضبط

منگل 10 جون 2025 10:00

صنعا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) یمن میں "سیو دی چلڈرن" تنظیم کے 40 لاکھ مالیت کے اثاثے ضبط کر لئے گئے ۔ العربیہ نے یمنی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ حوثی جماعت نے اپنے زیر قبضہ علاقوں میں بین الاقوامی تنظیم "سیو دی چلڈرن"کے تمام اثاثے ضبط کر لئے ہیں۔ اس سے قبل تنظیم نے مئی میں صنعا اور کئی دیگر صوبوں میں اپنے دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

حوثیوں نے تنظیم کے صنعا ،عمران، حجہ، صعدہ، الحدیدہ اور إب میں دفاتر سے گاڑیاں، کمپیوٹر، بجلی کے جنریٹر، ادویات اور دیگر قیمتی سامان ضبط کیا، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 40 لاکھ ڈالر بتائی گئی ہے۔یہ کارروائی براہ راست حوثی قیادت کی نگرانی میں کی گئی، اور تنظیم کی جانب سے کرائے پر لی گئی عمارتوں میں نصب آہنی دروازے، روشنی کے کھمبے وغیرہ بھی زبردستی ہٹا لئے گئے۔

(جاری ہے)

تنظیم نے مئی کے آخر تک ان علاقوں میں اپنی سرگرمیاں معطل کرنے کے ساتھ ساتھ تقریباً 400 ملازمین کو فارغ کر دیا تھا۔ ایک سابق ملازم کے مطابق یہ اقدام حوثیوں کی طرف سے بڑھتی ہوئی پابندیوں کے باعث کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ حوثیوں نے ماضی میں بھی اس تنظیم کے دفاتر پر حملے کئے ، جیسے 2018 میں ذمار میں تنظیم کا دفتر لوٹ لیا گیا تھا۔عالمی انسانی تنظیمیں حوثیوں پر مسلسل یہ الزامات عائد کرتی رہی ہیں کہ وہ انسانی خدمات کی آزادی میں مداخلت کرتے ہیں۔کارکنوں کو گرفتار کرتے ہیں، بعض کو تشدد کا نشانہ بناتے ہیں، اور ان پر جاسوسی جیسے الزامات لگاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :