سعودی عرب نے عمرہ ویزے دوبارہ شروع کردیئے

عمرہ زائرین کی آج بروز بدھ 11 جون سے مملکت آمد کا امکان ظاہر کردیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 11 جون 2025 16:23

سعودی عرب نے عمرہ ویزے دوبارہ شروع کردیئے
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 جون 2025ء ) سعودی عرب کی جانب سے عمرہ ویزے دوبارہ شروع کردیئے گئے۔ عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت حج و عمرہ نے حج سیزن کا اختتام ہوتے ہی عمرہ ویزے جاری کرنے کا اعلان کردیا، اس سلسلے میں وزارت نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ منگل 10 جون 2025ء سے عمرہ ویزوں کا اجراء شروع ہوچکا ہے، سرکاری کیلنڈر کے تحت عمرہ ویزوں کا اجراء 10 جون 14 ذو الحجہ سے شروع کیا گیا ہے، عمرہ زائرین کی آج بروز بدھ 11 جون سے سعودی عرب آمد کا امکان ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ سعودی عرب کی وزارت حج کی جانب سے عمرہ کمپنیوں اور ٹور آپریٹرز کو انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، زائرین کے لیے عمرہ ویزے ماہ رمضان کے اختتام تک جاری کرائے جاسکتے ہیں، یکم شوال سے عمرہ ویزے بند ہونے کے بعد صرف جاری شدہ ویزہ ہولڈر ہی عمرے کے لیے 15 شوال 1447 ہجری تک مملکت آسکیں گے، عمرہ ویزوں پر سعودی عرب مملکت آنے والوں کے لیے آئندہ برس حج سیزن سے قبل یعنی 15 ذوالقعدہ 1447 ہجری تک اپنے ممالک واپسی لازمی ہوگی۔

(جاری ہے)

دوسری طرف حج کے اختتام پر حجاج بڑی تعداد میں مدینہ منورہ پہنچ گئے، حجاج حرمین ہائی سپیڈ ٹرین اور بسوں کے ذریعے مدینہ منورہ پہنچے، خادم حرمین شریفین پروگرام کے تحت فریضہ حج کے لیے آنے والے مہمان مناسک حج مکمل کرنے کے بعد مدینہ منورہ پہنچ گئے، حرمین ٹرین سے مدینہ پہچنے والے پہلے گروپ نے مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کی اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری دی۔ بتایا گیا ہے کہ حکام نے حجاج کی مدینہ منورہ آمد کے ساتھ ہی سیزن کے دوسرے آپریشنل منصوبوں پر عملدرآمد شروع کردیا تاکہ حجاج کے قیام کے دوران ان کی سیفٹی اور آرام کو یقینی بنایا جائے، حج سکیورٹی فورسز نے بھی حجاج کی محفوظ آمد کو یقینی بنانے کے لیے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔