ننکانہ صاحب، سکول ٹیچر کیخلاف سوشل میڈیا پر پاک فوج کیخلاف مواد اپ لوڈ کرنے پر پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی

ڈی ای او ایلیمنٹری ننکانہ نے ٹیچر کی 3سال کی سروس ضبط کرنے اور ایک ماہ کی بنیادی کے برابر جرمانہ کا حکم جاری کردیا

منگل 10 جون 2025 13:24

․ننکانہ صاحب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری ننکانہ میاں محمد خالد محمود نے گورنمنٹ پرائمری سکول مچھوڑا سارنگ، تحصیل و ضلع ننکانہ کے پی ایس ٹی سرفراز اجمل کو اپنے فیس بک اکانٹ پر پاک فوج کیخلاف توہین آمیز مواد اپ لوڈ کرنے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے اسے 3سال کی سروس ضبط کرنے اورایک ماہ کی بنیادی کے برابر جرمانہ کا حکم جاری کردیا،سرفراز اجمل کو معطل کرکے جواب طلبی کی گئی،سرفراز اجمل نے اپنے تحریری جواب میں مذکورہ فعل کا اعتراف کیا اور مزید کہا کہ اس نے اپنے سوشل میڈیا اکانٹ سے پاک فوج سے متعلق تمام قابل اعتراض پوسٹس کو حذف کر دیا ہے،ڈی ای او محمد خالد محمود نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگرچہ پوسٹوں کو حذف کردیا اورغلطی کااعتراف کر لیا، لیکن سرکاری ملازم، خاص طور پر ایک استاد کی طرف سے توہین آمیز اور ادارہ مخالف مواد پوسٹ کرنے کا عمل پیڈا ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے،اور یہ رویہ ایک سرکاری ملازم کیلئے انتہائی غیر مہذب ہے اور تدریسی پیشے اور نظم و ضبط کو نقصان پہنچاتا ہے۔