ورلڈ کپ کے 2 لاکھ 25 ہزار ڈالر تاحال نہیں ملے، پلیئرزکی شکایت

کپتان و ٹیم نے ایمرجنگ کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تو بورڈ نے انھیں ٹیم سے ہی نکال دیا

منگل 10 جون 2025 17:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 جون2025ء)عمان کی قومی کرکٹ ٹیم اور بورڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ2024 کی انعامی رقم کی عدم ادائیگی پر شدید تنازع سامنے آ گیا، کھلاڑیوں کو اب تک ٹورنامنٹ میں کارکردگی کے عوض ملنے والی مجموعی 2 لاکھ 25 ہزار امریکی ڈالر کی انعامی رقم موصول نہیں ہوئی۔تفصیلات کے مطابق عمان کی قومی کرکٹ ٹیم ان دنوں سنگین بحران کا شکار ہے، 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں حصہ لینے کے باوجود کھلاڑیوں کو اب تک انعامی رقم ادا نہیں کی گئی۔

ذرائع کے مطابق 2,25,000 امریکی ڈالر کی مجموعی رقم کھلاڑیوں کو ملنی تھی مگر ورلڈ کپ کو ختم ہوئے مہینوں گزر گئے اور رقم تاحال پلیئرز کو نہیں مل سکی۔کاشیپ پرجاپتی کی قیادت میں عمان نے آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسے بڑی ٹیموں کے خلاف ایکشن میں دکھائی دے کر تاریخ رقم کی، اگرچہ ٹیم کوئی میچ جیت نہ سکی تاہم ان کے لیے یہ عالمی اسٹیج پر قدم رکھنے کا تاریخی لمحہ تھا،س خواب کی تعبیر میں تلخی شامل ہو گئی۔

(جاری ہے)

کپتان کاشیپ پرجاپتی نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہماری زندگیاں اس تنازع نے تہہ و بالا کر دی، معاہدے منسوخ کر دیے گئے، ہمیں ٹیم سے نکال دیا گیا اور ملک چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا،سمجھ نہیں آتا کہ آئی سی سی ہمیں ہماری جائز رقم کیوں نہیں دلوا سکی۔پرجاپتی ان دنوں روزگار کی تلاش میں امریکا میں ہیں، کئی کھلاڑیوں کے ورک ویزے کرکٹ معاہدوں سے مشروط تھے،وہ سب اب عمان چھوڑ چکے ہیں،بعض کو ہوٹلز سے نکال دیا، کئی کو ٹیم کی نمائندگی سے محروم کر دیا گیا۔

آئی سی سی قواعد کے مطابق ہر عالمی ٹورنامنٹ کے اختتام پر 21 دن میں تمام ممبر ممالک کو کھلاڑیوں کی انعامی رقم ادا کرنا لازم ہے، عمان کرکٹ بورڈ نے یہ رقم روکی ہوئی ہے، جس پر کھلاڑیوں نے کینیڈا میں منعقدہ ٹرائنگولر سیریز اور بعد ازاں ملک میں ہونے والے ایمرجنگ ایشیا کپ کے دوران بارہا احتجاج کیا۔کپتان و ٹیم نے ایمرجنگ کپ کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تو بورڈ نے انھیں ٹیم سے ہی نکال دیا،یہاں تک کہ ٹیم ہوٹل چھوڑنے کو کہا گیا اور متبادل کھلاڑی بلا لیے گئے، 15 رکنی ورلڈ کپ اسکواڈ میں سے صرف 5 کھلاڑیوں نے ہی یو اے ای کے خلاف افتتاحی میچ میں شرکت کی۔

ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شامل 20 میں سے کم از کم 5 ٹیموں کو مکمل انعامی رقم نہیں ملی جو ایک تشویشناک امر ہے۔ اس صورتحال نے اسپورٹس گورننس، احتساب اور کھلاڑیوں کے حقوق کے تحفظ پر کئی سوالات اٹھا دیے ہیں۔