شہری چلچلاتی دھوپ میں گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، ڈاکٹر عامر شہزاد

منگل 10 جون 2025 20:49

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ کے سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عامر شہزاد نے کہا ہے کہ شہریوں کو چلچلاتی گرمی اور شدید دھوپ سے بچنے کے لیے اہم احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں ، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور ہیٹ ویو کے خدشات کے پیش نظر فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے خاص طور پر صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ میں نکلنے سے گریز کرنے کی تلقین کی، کیونکہ یہ دن کا سب سے گرم ترین وقت ہوتا ہے اور اس دوران دھوپ میں رہنا ہیٹ اسٹروک اور دیگر گرمی سے متعلقہ بیماریوں کا باعث بن سکتا ہے۔ ڈاکٹر شہزاد نے مزید کہا کہ جسم کو ہائیڈریٹڈ رکھنے کے لیے دن بھر وافر مقدار میں پانی اور مشروبات کا استعمال انتہائی ضروری ہے، چاہے پیاس نہ بھی لگی ہو۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ، ہلکے اور ڈھیلے کپڑے، خصوصاً سوتی اور ہلکے رنگ کے کپڑے پہننے چاہییں جو جسم کو ٹھنڈا رکھنے میں مدد کرتے ہیں۔ دھوپ میں نکلتے وقت سر کو چھتری، ٹوپی یا گیلے کپڑے سے ڈھانپنا بھی ضروری ہے۔ ڈاکٹر عامر شہزاد نے تاکید کی کہ اگر کسی کو گرمی کی وجہ سے تیز بخار، سر درد، چکر آنا، متلی، الٹیاں، یا جلد کا سرخ ہونا جیسی علامات محسوس ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔ انہوں نے خاص طور پر بچوں، بزرگوں، اور پہلے سے بیمار افراد کے لیے اضافی احتیاط کی اہمیت پر زور دیا کیونکہ وہ گرمی سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ ان ہدایات کا مقصد عوام میں گرمی سے بچاؤ کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے تاکہ گرمی سے ہونے والی بیماریوں اور اموات کو روکا جا سکے۔