چیف منسٹر پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام شہروں کی 2050 تک کی ضروریات کوسامنے رکھ کر بنایا گیا ہے، صوبائی وزیر بلدیات

منگل 10 جون 2025 22:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ چیف منسٹر پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام شہروں کی 2050 تک کی ضروریات سامنے رکھ کر بنایا گیا ہے،نئے مالی سال سے 66 شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو جائے گا۔ سول سیکرٹریٹ میں ایک جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے تمام شہروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کی منظوری دی ہے۔

لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی طرز پر کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی بھی موجود تھے جبکہ مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کے منیجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات نے کہا کہ اس میگا پراجیکٹ کے تحت شہروں میں اندرونی رابطہ سڑکوں کی مرمت کے ساتھ سیوریج سسٹم بھی بنایا جائے گا۔ وزیراعلی کی ہدایت پر لائننگ والے سیور پائپ کا استعمال کیا جائے گا جو سو سال تک موثر رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برساتی پانی کا نکاس اور سٹوریج اس پروگرام کا خاص جزو ہے۔ اگلے مرحلے میں مزید 110 شہروں کو دائرہ کار میں لایا جائے گا۔

وزیر بلدیات نے ڈپٹی کمشنرز کو سٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پراجیکٹ کے لئے صرف ای ٹینڈرنگ کے ذریعے کنٹریکٹ دیے جائیں۔ معیار اور شفافیت کو ہر مرحلے پر مدنظر رکھا جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے لئے دستیاب افرادی قوت سے ہی کام لیا جائے تاہم صرف ٹیکنیکل ماہرین کی خدمات اضافی طور پر حاصل کرنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ گلیوں، سڑکوں کی تعمیر سے پہلے گیس اور بجلی کمپنیاں اپنا ترقیاتی کام مکمل کرلیں۔ سٹیز پراجیکٹ مکمل ہونے کے بعد کھدائی یا توڑپھوڑ کی اجازت نہیں ہوگی اور اس کے لئے ڈپٹی کمشنر کا این او سی ضروری قرار دیا گیا ہے۔