گوادر اپنی قدرتی خوبصورتی، صاف ستھرے ساحلوں اور پرسکون ماحول کی بدولت علاقائی سیاحت کا نیا مرکز بنتا جا رہا ہے

منگل 10 جون 2025 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) بلوچستان کا ساحلی شہر گوادر اپنی قدرتی خوبصورتی، صاف ستھرے ساحلوں اور پرسکون ماحول کی بدولت اب علاقائی سیاحت کا نیا مرکز بنتا جا رہا ہے۔ خاص طور پر عید کے موقع پر گوادر میں سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا، جہاں قریبی علاقوں تربت، پسنی، اورماڑہ، پنجگور اور کراچی سے بڑی تعداد میں لوگ سیر و تفریح کے لیے پہنچے۔

گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شہر کے قدرتی حسن کو نکھارنے اور سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے نمایاں اقدامات کیے گئے ہیں۔ جی ڈی اے نے گوادر کے مختلف ساحلوں کو جدید خطوط پر ڈویلپ کیا ہے، جہاں خوبصورت انفراسٹرکچر، سرسبز پارکس، چلڈرن پلے ایریاز، روشنیوں سے جگمگاتے فٹ پاتھ، اور بیٹھنے کے لیے دلکش مقامات نے ان ساحلی علاقوں کو دل موہ لینے والا سیاحتی مقام بنا دیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے سیف اللّٰہ کھیتران کی خصوصی ہدایت پر عید کے دنوں میں صفائی، سکیورٹی اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے جی ڈی اے کی مختلف ٹیمیں متحرک رہیں۔ پارکس، بیچز اور دیگر عوامی مقامات پر خصوصی اقدامات کیے گئے تاکہ سیاحوں کو صاف ستھرا، محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر ہو۔عید کے دوسرے دن مختلف سماجی تنظیموں کی جانب سے کوہ باتیل پر گوادر کا قدیم روایتی عید میلہ جبکہ شام کو جی ڈی اے ماڈل بیچ پارک میں خواتین اور بچوں کے لیے خصوصی تقریبات اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جن میں بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی اور ان لمحات سے بھرپور لطف اندوز ہوئیں۔

گوادر میں سیاحوں کے اس غیر معمولی رش کے باعث مقامی بازاروں میں خریداری میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ خاص طور پر گوادر کا روایتی گوادری حلوہ سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہا۔ گوادر کی طرف سیاحوں کے بڑھتے رجحان اور جی ڈی اے کی مؤثر منصوبہ بندی اس بات کی عکاس ہے کہ گوادر نہ صرف تجارتی اور معاشی حب بن رہا ہے بلکہ جلد ہی ملک کا سب سے بڑا تفریحی مقام بھی بن کر ابھرے گا۔